بجلی و گیس کے بلز کی آخری تاریخوں میں وصولی
مکرمی! آپکے توسط سے بجلی اور گیس ادارے کے افسران بالا کی توجہ ایک اہم نقطہ کی طرف مبذول کروانا چاہتا ہوں۔ بجلی اور گیس کے بل متواتر ہر ماہ میںآخری تاریخ سے صرف دو روز قبل وصول ہو رہے ہیں جس دن انکا نمائندہ بل پھینک کر جاتا ہے اُس دن عام طور پر ہفتہ اور اتوار ہوتا ہے بینک بھی بند چھٹی ہوتی ہے سوموار کو آخری تاریخ ہو تی ہے جس میں شدید ذہنی کرب کا سامنا کرنا پڑتا ہے جب آخری دن بینک میں بلز جمع کروانے جائیں تو اسی دن بے شمار بینکوں کا سسٹم خراب ہو جاتا ۔ اگر شازر نازر کوئی بینک مل جائے تو وہاں پر لمبی لمبی قطاریں لوگوں کوبد حال کر دیتی ہیں اور جب اللہ اللہ کرکے باری آتی ہے تو اس وقت بینک کا بالکل آخری ٹائم چل رہا ہوتا ہے۔ اس وقت دل میں یہی چل رہا ہوتا ہے کہ جلدی سے بل جمع ہو جائیں بینک والے کوئی بہانہ مار کر اگلے دن پر بل نہ ڈال دیں۔ جرمانے کے ساتھ بلز جمع کروانا کسی عذاب اور تکلیف سے کم نہیں اور کم آمدنی والا بندہ بے پناہ مسائل سے دو چار ہے اس قسم کے شدید ترین مسئلہ کی وجہ سے جس قدر ذہبی کرب کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ میری ان اداروں سے پر زور اپیل ہے کہ بجلی اور گیس کے بل کم از کم 5 دن قبل لازمی دئیے جائیںتا کہ بآسانی ہم بر وقت اور مقررہ تاریخ سے قبل اپنے بلوں کی ادائیگی کو ممکن بنائیں ۔ (میاں محمد توقیر حفیظ نیسپاک ہائوسنگ سوسائٹی فیز III،نیوڈیفنس روڈ، ہلوکی روڈ )