• news

ورلڈ کپ، قومی کرکٹ ٹیم کا اعلان آج متوقع

لاہور(سپورٹس رپورٹر +نمائندہ سپورٹس ) انگلینڈمیں ہونے والے کرکٹ ورلڈ کپ کیلئے قومی ٹیم کا اعلان آج متوقع ہے ۔قومی سلیکشن کمیٹی کی کوچ اور کپتان کیساتھ مشاورت حتمی مراحل میں داخل ہوگئی ۔ ذرائع کے مطابق ورلڈ کپ کیلئے قومی سکواڈ کا خاکہ تیار کرلیا گیا ہے ،میگا ایونٹ کیلئے قومی سکواڈ میں چار فاسٹ باولرز شامل کئے جانیکا امکان ہے ۔ سرفراز احمد ورلڈ کپ میں گرین شرٹس کی قیادت کرینگے ،فخر زمان ،امام الحق،شعیب ملک ، بابر اعظم ، حارث سہیل ورلڈ کپ سکواڈ کا حصہ ہونگے ۔ محمد عامر ، حسن علی ، شاہین آفریدی ، فہیم اشرف، عماد وسیم بھی ورلڈ کپ اسکواڈ میں شامل ہونگے ، ذرائع نے بتایاکہ شاداب خان ، محمد حفیظ ،عثمان شنواری بھی پندرہ رکنی سکواڈ کا حصہ ہونگے ،سلیکشن کمیٹی نے محمد رضوان ، آصف علی ، محمد نواز، عابد علی کے ناموں پر بھی غور کیا گیا ۔ ورلڈ کپ کیلئے قومی ٹیم میں فٹنس ٹیسٹ میں فیل ہونے والے کھلاڑیوں کی شمولیت کا بھی قوی امکان ہے۔ذرائع کے مطابق عماد وسیم نے یویو ٹیسٹ میں شرکت نہیں کی۔جب لاہور میں کھلاڑی سیڑھیاں چڑھ رہے تھے اس وقت عماد وسیم کو لنگڑاتے ہوئے دشواری کا سامنا تھا، ان کی فوٹیج دیکھ کر لگ رہا تھا کہ وہ وہ مکمل فٹ نہیں ہیں۔ پی سی بی انتظامیہ نے عماد وسیم کو فٹنس ٹیسٹ پاس کرنے کیلئے مزید وقت دینے کا فیصلہ کیا ہے۔حیدرآباد کے نوجوان فاسٹ بولر محمد حسنین بھی فٹنس کے معیار کو حاصل نہ کر سکے تاہم ان کو ورلڈ کپ کی 15 رکنی ٹیم میں جنید خان اور عثمان خان شنواری پر فوقیت مل رہی ہے۔آسٹریلیا کے خلاف سیریز میں دو سنچریاں بنانے والے محمد رضوان فٹنس ٹیسٹ میں سب سے آگے رہے تاہم انہیں 15 رکنی ٹیم میں جگہ بنانے میں مشکل پیش آرہی ہے۔درائع کے مطابق انگلینڈ کیلئے جو دو اضافی کھلاڑی ٹیم کے ساتھ جائیں گے ان میں آصف علی، عثمان خان شنواری اور جنید خان میں سے دو کھلاڑی ٹیم کے ساتھ جائیں گے۔اس بات کے امکانات بھی روشن ہیں کہ اگر عابد علی اور شان مسعود کی سلیکشن پر ڈیڈ لاک ہوجاتا ہے تو ایک اوپنر کو انگلینڈ کی سیریز میں بھیجا جا سکتا ہے۔ سلیکشن کمیٹی، ٹیم مینجمنٹ اور کپتان نے اپنا مشاورتی عمل مکمل کر کے کھلاڑیوں کے ناموں کو حتمی شکل دیدی ہے۔ قومی ٹیم کے ممکنہ کھلاڑیوں کا گذشتہ روز تربیتی کیمپ بارش کے باعث انڈور سیشن اور جم تک محدود رہا جس میں کھلاڑیوں نے کوچنگ سٹاف کی زیر نگرانی بھرپور ٹریننگ کی۔ کیمپ کے دوسرے روزایک روز قبل شہر میںہونے والی بارش کے باعث کھلاڑیوں نے نیشنل کرکٹ اکیڈمی میںانڈور ٹریننگ کی۔ کیمپ کے پہلے سیشن میں کھلاڑیوں نے اڑھائی گھنٹے تک فزیکل ٹریننگ کی اور جم میںان سے خصوصی ڈرلز کروائی گئیں۔ کیمپ کے دوسرے سیشن میںکھلاڑیوں کو نیٹ میں وکٹوں کے درمیان دوڑنے اور بیٹنگ بائولنگ کی خصوصی ڈرلز کروائی گئیں ،کیمپ کے دوسرے روز عماد وسیم ، محمدحسنین اور محمد حفیظ کو فٹنس کی بحالی کیلئے خصوصی ڈرلز کروائی گئیں۔ کیمپ کے دوسرے روز بھی چیف سلیکٹر انضمام الحق اور ہیڈ کوچ مکی آرتھر کھلاڑیوں کی فٹنس اور فارم کا باریک بینی سے جائزہ لیتے رہے۔ ورلڈکپ کے لئے انگلینڈ روانگی سے پہلے قومی ٹیم کل پی سی بی کے پیٹرن انچیف وزیر اعظم عمران خان سے ملاقات کریگی۔ذرائع کے مطابق انگلینڈ جانے والے کھلاڑی آج سہ پہر اسلام آباد روانہ ہوں گے جہاں کل وزیر اعظم ہاؤس میں ہونے والی سینڈ آف تقریب کیلئے پی سی بی حکام نے تمام معاملات کو حتمی شکل دیدی ہے۔انیس سو بانوے ورلڈکپ کی فاتح ٹیم کے کپتان وزیر اعظم عمران خان قومی کرکٹرز سے خصوصی خطاب کریں گے ، اس ملاقات کا مقصد کھلاڑیوں کو ورلڈکپ کی اہمیت سے آگاہی کے ساتھ ان کے اعتماد میں اضافہ کرنا ہے۔ قومی ٹیم کی 23 اپریل کو لندن روانگی طے ہے۔

ای پیپر-دی نیشن