سیالکوٹ میں گلے پر ڈور پھرنے سے 7 سالہ بچی جاں بحق، ڈیفنس لاہور میں شہری زخمی
لاہور، سیالکوٹ (نمائندہ خصوصی، نوائے وقت رپورٹ، نامہ نگار) ڈیفنس اے کے علاقہ میں شہری ڈور پھرنے سے زخمی ہوگیا۔تفصیلات کے مطابق ڈیفنس اے کے علاقہ خیابان امین کے پاس شہری عبدالرحمن پتنگ کی ڈور پھرنے سے زخمی ہوگیا۔زخمی شہری اپنی مدد آپ کے تحت جنرل ہسپتال پہنچا۔ڈی آئی جی آپریشن وقاص نزیر نے واقعہ کا نوٹس لیکر ایس پی کینٹ شہباز الٰہی سے رپورٹ طلب کرلی ہے۔ دریں اثناء سیالکوٹ کے علاقہ اگوکی میں کیمیکل ڈور پھرنے سے سات سالہ بچی ماں کی گود میں لہولہان ہو گئی جو ہسپتال پہنچ کر دم توڑ گئی۔ بتایا گیا ہے کہ گوجرانوالہ کے علاقہ راہوالی کا اشتیاق روزگار کے سلسلہ میں اپنی بیوی بچوں کے ہمراہ تھانہ اگوکی کے علاقہ ہرڑ میں رہائش پذیر تھا۔ گزشتہ شام کو اشتیاق اپنی بیوی اور سات سالہ بیٹی نمرا بی بی کو موٹر سائیکل پر بیٹھا کر دربار سلام کرنے جا رہا تھا کہ قصبہ اگوکی میں پتنگ کی ڈورسات سالہ نمرا بی بی کی گردن پر پھری جو جان لیوا ثابت ہوئی۔