لندن میں شوکت عزیز سے ملاقات، مونس کی بجائے سالک کو وزیر بنانا ناممکن : شجاعت
لاہور، لندن (صباح نیوز/ نوائے وقت رپورٹ) پاکستان مسلم لیگ کے صدر و سابق وزیراعظم چودھری شجاعت حسین نے کہا ہے کہ کچھ لوگ کہہ رہے ہیں کہ مونس الٰہی ایم این اے کی بجائے سالک حسین ایم این اے کو وفاقی وزیر بنا دیا جائے لیکن میں سمجھتا ہوں کہ یہ ناممکن ہے۔ انہوں نے کہا کہ مونس الٰہی پر کوئی الزام نہیں ہے اور نہ ہی ثابت ہوا، ہماری پارٹی نے مونس الٰہی کا نام وفاقی وزارت کیلئے دیا تھا جہاں تک مونس الٰہی کا تعلق ہے ان پر پہلے الزام لگایا گیا تھا جس پر انہوں نے لندن سے واپس آ کر مقدمہ کا سامنا کیا، مونس الٰہی نے اپنی ضمانت بھی نہیں کروائی تھی، ٹرائل کا مقابلہ کیا اور آٹھ ماہ جیل میں رہے، اللہ تعالیٰ نے انہیں سرخرو کیا اور وہ تمام الزامات سے بری ہوئے۔ علاوہ ازیں سابق وزیراعظم شوکت عزیز کی لندن میں مسلم لیگ ق کے صدر چودھری شجاعت سے ملاقات ہوئی جو ایک گھنٹہ جاری رہی چودھری شجاعت نے نجی ٹی وی سے بات کرتے ہوئے کہا ہے کہ حکومتیں آتی جاتی رہتی ہیں معیشت بڑا مسئلہ ہے۔