ہیڈ کوچ مکی آرتھر ورلڈکپ سے قبل معاہدے میں توسیع کے خواہشمند
لاہور(سپورٹس رپورٹر+نمائندہ سپورٹس )چیف کوچ مکی آرتھر نے کوچنگ کنٹریکٹ میں توسیع کی خواہش کا اظہار کردیا ہے۔ورلڈکپ روانگی سے پہلے چیف کوچ مکی آرتھر نے کنٹریکٹ میں توسیع کی خواہش کا اظہار کردیا ہے تاہم بیٹنگ کوچ گرانٹ فلاور معاہدے میں توسیع نہیں چاہتے، مکی آرتھر سمیت تمام غیر ملکی کوچنگ سٹاف کا کنٹریکٹ ورلڈکپ تک ہے، چیف کوچ نے کرکٹ بورڈ سے ورلڈکپ کے بعد بھی ٹیم کے ساتھ ذمہ داریاں جاری رکھنے کا پیغام پہنچایاہے۔مکی آرتھر کا موقف ہے کہ پاکستانی ٹیم ٹیلینٹ سے مالامال ٹیم ہے اور اس کے ساتھ ورلڈکپ کے بعد کام کرنا بھی میرے لیے خوشی کا باعث ہوگا، ہیڈکوچ اپنے کئی بیانات میں پہلے بھی کچھ ایسے خیالات کا اظہار کرچکے ہیں۔ دوسری جانب بیٹنگ کوچ گرانٹ فلاور 2014 سے ٹیم کے ساتھ کام کررہے ہیں، وہ اب اپنا معاہدہ پورا ہونے کا انتظار کررہے ہیں، ان کا موقف ہے کہ فیملی کو بہت مس کررہاہوں اور اب اہل خانہ کے ساتھ وقت گزارنا چاہتا ہوں۔پی سی بی نے اس حوالے سے فی الحال خاموشی کی پالیسی اپنائی ہے، نئے معاہدے ورلڈکپ میں ٹیم کی کارکردگی کو سامنے رکھتے ہوئے کرنے پر اتفاق کیاگیاہے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ پی سی بی نے مکی آرتھر کی خواہش پر خاموشی اختیار کر رکھی ہے، مکی آرتھر اس سے قبل بھی مزید کام کرنے کی خواہش کا اظہار کئی بار میڈیا میں بھی کر چکے ہیں۔یاد رہے کہ گرانٹ فلاور سے پہلی بار مئی 2014 میں دو سالہ معاہدہ کیا گیا تھا۔قومی ٹیم کے سابق کوچ وقار یونس کے استعفے کے بعد پی سی بی نے 6 مئی 2016 کو جنوبی افریقہ سے تعلق رکھنے والے مکی آرتھر کو قومی ٹیم کا ہیڈ کوچ مقرر کیا تھا۔مکی آرتھر اس سے قبل 2011 سے 2013 تک آسٹریلیا اور 2005 سے 2010 تک جنوبی افریقہ کی ٹیم کے کوچ کی حیثیت سے خدمات انجام دے چکے ہیں۔