تبدیلی ان ہائوس ہونی چاہئے، عمران پارلیمنٹ کی بالادستی تسلیم کریں، مسائل حل ہوجائیں گے: خورشید شاہ
سکھر+ اسلام آباد+ لاہور (ایجنسیاں + نوائے وقت رپورٹ + نامہ نگار) پیپلز پارٹی کے رہنما خورشید شاہ نے کہا ہے کہ اگر تبدیلی ہو بھی تو ان ہائوس ہونی چاہیے، حکومتی ناکامی پر سیاست نہیں کریں گے، معیشت کی ناکامی سے عوام کا نقصان ہوتا ہے۔ معیشت کی کمزوری حکومت کی ناکامی ہے، عمران خان آج پارلیمنٹ کی بالادستی کو تسلیم کریں، تمام مسائل حل ہوجائیں گے۔ سکھر میں میڈیا سے گفتگو میں انہوں نے کہا کہ عمران خان نے کوئی لائن ڈرا نہیں کی، اسد عمر کو ملکی اکانومی کا کوئی تجربہ نہیں تھا۔ اسد عمر کی ناکامیاں نظر آرہی تھیں۔ تبدیلی ہونا تھی، پہلے ہی کہا تھا معاشی حالات خراب ہیں، مل کر حل کرنا ہوگا جبکہ تمام ملکی معاملات میں حکومت کے ساتھ کام کرنے کی بات بھی کی تھی۔ سابق وزیرخزانہ اسد عمر کو ملکی معیشت اور قرضوں کا علم تھا مگر انہوں نے قوم کوجنت کے جھوٹے خواب دکھائے، اقتدار میں آتے ہی اسد عمر نے رونا شروع کر دیا، ہم سیاستدان ہیں ناکامی تسلیم کرنی چاہیے۔ عمران خان کے خودکشی کے بیان سے حکومت دیر سے آئی ایم ایف کے پاس گئی، جب حکمرانوں نے معاشی حالات خراب کر دیئے تو وہاں آئی ایم ایف بھی اپنی شرائط رکھے گا۔ ہم نے بار بار کہا مگر مذاق اڑایا گیا، ہم کہتے آ رہے تھے ان پالیسیوں سے معاشی حالات خراب ہوں گے، مجھ سے سوال کیا گیا کہ ایسے معاشی حالات میں حکومت کے ساتھ بیٹھیں گے، جواب یہی دیا کہ جو شخص جنگی حالات میں اپوزیشن سے بات کرنے کو تیار نہ تھا وہ اب کیسے بات کرے گا۔ ایسے معاملات پر اپوزیشن سیاست نہیں کرے گی، ہم نے اپنے دور میں مشکل حالات کے باوجود عوام کو ریلیف دیا۔ پی ٹی آئی کوئی سیاسی پارٹی نہیں ہے اسے لایا گیا ہے ان کے ہاتھ میں کچھ نہیں ہے، ساری سیاسی جماعتوں سے لوگ اٹھا کر ایک جماعت بنائی گئی ہے۔ شہریار آفریدی کو اعجاز شاہ کے کہنے پر ہٹایا گیا، شہریار آفریدی پی ٹی آئی کا کارکن ہے۔ خورشید شاہ نے کہا کہ جو حکومتیں معیشت کی وجہ سے ختم ہوتی ہیں وہاں انارکی کا خطرہ ہوتا ہے۔ آپس کی لڑائی ملک کے اندر لڑی جائے کیونکہ باہر لڑنے سے رسوائی ہوتی ہے۔ ایک شخص جو ملک چھوڑ کر بھاگ گیا نیب یا کوئی ادارہ سوال نامہ دینے کو تیار نہیں۔ اس حکومت نے کاروباری طبقے کا اعتماد ختم کردیا ہے، یہ حکمران جہاں جاتے ہیں اپنے ملک میں کرپشن کی بات کرتے ہیں۔ سینیٹر شیری رحمنٰ نے عمران خان کی تقریر پر ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ پی پی کی معاشی پالیسیوں پر تنقید کرنے والے عمران خان نے پی پی کے وزیر خزانہ کو منتخب کر لیا۔ عمران خان نے اعتراف کر لیا کہ 8 ماہ تک وزیروں کی کارکردگی صفر رہی۔ سیاست کرکٹ نہیں کہ 8 ماہ کی تباہی کے بعد ٹیم بدل دی۔ نیئر حسین بخاری نے کہا کہ عمران خان اپنی نااہلی چھپانے کیلئے مرغیوں کی قربانی دے رہے ہیں۔ قمر زمان کائرہ نے کہا ہے کہ غیرمنتخب مشیر بنا کر عمران اپنے نام نہاد اصولوں کی پاسداری پر اتر آیا ہے۔ ارکان اسمبلی کو چور ڈاکو کو سمجھنے والا پارلیمنٹ پر کیسے اعتبار کر سکتا ہے۔