وزیراعظم نے معذوروں اور تھرپارکر کے تمام خاندانوں کیلئے صحت کارڈ کی منظوری دیدی
اسلام آباد (صباح نیوز، نوائے وقت رپورٹ) وزیر اعظم عمران خان نے صحت سہولت پروگرام کا دائرہ کار وسیع کرتے ہوئے نادرا ڈیٹابیس میں موجود مستقل معذوری کا شکار تمام افراد اور انکے خاندانوں کے لئے صحت انصاف کارڈ فراہم کرنے کی منظوری دے دی، معذوری سے متاثرہ افراد اور انکے خاندان کو صحت انصاف کارڈ کی بدولت سات لاکھ بیس ہزار روپے سالانہ تک کی صحت کی سہولیات مفت میسر آئیں گی۔ علاوہ ازیں وزیراعظم نے تھرپارکر کے تمام خاندانوں کو بھی صحت کارڈ فراہم کرنے کی منظوری دیدی۔ ضلع تھرپارکر کے 3 لاکھ خاندان صحت کی سہولت سے مستفید ہوں گے۔