• news

نیب نے شریف فیملی کے خلاف سرکاری گاڑیوں کے غلط استعمال کا نیا کیس کھول لیا

اسلام آباد (نوائے وقت نیوز) سابق وزیراعظم میاں محمد نوازشریف‘ ان کی صاحبزاد مریم نواز اور ان کے خاندان کے دیگر افراد کے خلاف نیب راولپنڈی کا ایک اور کیس سامنے آگیا۔ نیب ذرائع کا کہنا ہے کہ سابق حکمران خاندان کے خلاف سرکاری گاڑیوں کے غلط استعمال کی تحقیقات کی جا رہی ہے۔ نیب ٹیم نوازشریف کی ضمانت ختم ہونے کے بعد جیل میں ان کا بیان لے گی۔ سرکاری گاڑیوں کے غلط استعمال کے کیس میں فواد حسن فواد سے لاہور جیل میں بیان لے لیا گیا ہے۔نیب ذرائع کاکہنا تھا شاہد خاقان عباسی کا بھی سرکاری گاڑیوں کے غلط استعمال کیس میں بیان لیا جا چکا ہے۔ نیب ذرائع کے مطابق اس کیس میں آئی بی کے سابق سربراہ آفتاب سلطان کو بھی بیان کیلئے طلب کیا گیا مگر وہ پیش نہ ہوئے۔ گاڑیوں کے کیس میں وزارت خارجہ کے متعلقہ افسروں سے بھی بیانات لئے جا چکے ہیں۔ نیب ذرائع نے مزید بتایا نوازشریف اوران کے اہل خانہ پر 30 سرکاری گاڑیوں کے غلط استعمال کا الزام ہے۔ یہ بی ایم ڈبلیو گاڑیاں سارک کانفرنس کے موقع پر وزارت خارجہ نے خریدی تھیں۔ ذرائع کا یہ بھی کہنا ہے کہ نیب راولپنڈی گاڑیوں کے غلط استعمال سے متعلق نامعلوم شکایت پر تحقیقات کر رہی ہے۔

ای پیپر-دی نیشن