عمران کے دورہ چین میں سی پیک کے مزید منصوبوں کو حتمی شکل دینگے، چینی سفیر
اسلام آباد(صباح نیوز)چینی سفیر یا جینگ نے ایک مرتبہ پھر پاکستان پر اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے کہا چین پاک اقتصادی راہداری (سی پیک)کا سفر دونوں ممالک اور خطے کے لئے ترقی لایا ہے۔اسلام آباد میں سی پیک سیمینار سے خطاب میں ان کا کہنا تھا کہ وزیر اعظم عمران خان دوسرے بیلٹ اینڈ روڈ سمٹ میں شرکت کریں گے۔ ہم پوری کوشش کررہے ہیں کہ نئی حکومت کے ساتھ سی پیک کی بہتری کے لیے اقدامات کریں۔چینی سفیر نے کہا کہ دونوں ممالک کی وزارتیں بھی آپس میں کام کررہی ہیں، سی پیک کو دونوں ممالک کا خوب ساتھ حاصل ہے۔ان کا کہنا تھا کہ چین کو پاکستان پر اعتماد ہے، وقت کے ساتھ ہماری دوستی مضبوط ہوتی جارہی ہے، سب سے اہم بات دونوں ممالک کا تعلق ہے، دونوں حکومتوں کے لئے معاشی ترقی اولین ترجیح ہے۔چینی سفیر یا جینگ نے کہا کہ 19 ارب ڈالر سے 13 ارب ڈالر کمرشل ذرائع سے آئیں گے، سی پیک پروجیکٹ کے تحت تین بڑے پاور پلانٹس بھی لگائے جائیں گے، ہر ایک پر دو ارب ڈالر سے زیادہ خرچ آئے گا۔انہوں نے کہا کہ آئندہ سات سال میں پاکستان سے سی پیک کا ایک پیسہ بھی وصول نہیں کیا جائے گا جبکہ اس منصوبے سے 7 لاکھ سے زائد افراد کو روزگار کے مواقع فراہم ہوں گے۔