عثمان بزدار کا دورہ کوٹ لکھپت جیل ، قیدیوں کی سزا میں 2ماہ کمی کا اعلان
لاہور(نیوزرپورٹر)وزیراعلیٰ عثمان بزدارنے قیدیوں کی سزا میں دو ماہ کی کمی کا اعلان کیا ہے۔ عثمان بزدار نے سنٹرل جیل کوٹ لکھپت میں ٹیکنیکل ٹریننگ سنٹر،خواتین قیدیوں کے لئے مخصوص ڈائننگ ہال ، قیدیوں کے ڈیٹا کو آن لائن کرنے کے سسٹم اور اینٹی گریٹڈسکیورٹی سسٹم کا افتتاح کیا۔جس کے تحت قیدیوں کے بارے میں تمام معلومات آن لائن ہوں گی۔عثمان بزدار نے کہاکہ قیدیوں کے آن لائن ڈیٹا سسٹم کو دیگر جیلوں میں بھی متعار ف کرایاجائے گا۔صوبے بھر کی جیلوں میں ہائی سکیورٹی پریزن سسٹم نافذ کیا جا رہاہے۔وزیراعلیٰ نے شجرکاری مہم کے تحت جیل میں پودا بھی لگایا۔ جیل کے کچن کا معائنہ کیا اور قیدیوں کیلئے تیار کی جانے والی روٹی اور سالن خود کھا کر معیار چیک کیا۔ صوبائی وزرائ نے بھی قیدیوں کے لئے تیار کیا جانے والاکھاناکھایا۔بعدازاں وزیراعلیٰ نے خواتین قیدیوں کے لئے مخصوص ڈائننگ ہال کا افتتاح کیا۔ وزیراعلیٰ نے خواتین قیدیوں میں تحائف تقسیم کئے، بچوں کیلئے ڈے کیئر سنٹر کا بھی دورہ کیا۔وزیراعلی نے سنٹر میں موجود بچوں سے ہاتھ ملایا او رانہیں پیار کیا۔انہوں نے جیل انتظامیہ کو ہدایت کی کہ قیدی خواتین کے بچوں کا ہر طرح سے خیال رکھا جائے اوران کو دودھ، بسکٹ اور سویٹس بھی مہیا کی جائیں۔وزیراعلیٰ نے خواتین قیدیوں کے ٹیکنیکل ٹریننگ سنٹر کا دورہ کیا ، سلائی کڑھائی کی تربیت حاصل کرنے والی خواتین قیدیوں سے ان کے مسائل دریافت کئے۔وزیراعلیٰ نے لیڈیز بیرکس کے دورے کے دوران خواتین قیدیوں کی درخواست پر بیرکس میں پنکھے لگانے کی ہدایت کی۔ وزیراعلیٰ نے مرد قیدیو ں کے لئے ٹیکنیکل ٹریننگ سنٹر کا افتتاح کیا۔قیدیوں کے مسائل کے بارے میں دریافت کیا۔وزیراعلیٰ نے قیدیوں میں تحائف بھی تقسیم کئے۔علاوہ ازیں عثمان بزدار نے اوورسیز پاکستانیز کمشن پنجاب کا اچانک دورہ کیا اور او پی سی پنجاب میں قائم مختلف دفاتر کی چیکنگ کی اور افسران اور سٹاف کی حاضری چیک کی۔وزیراعلیٰ نے اوورسیز پاکستانیوں سے ملاقات بھی کی۔ انہوں نے کہا کہ بیرون ملک بسنے والے پاکستانی ہمارے لئے قابل احترام ہیں۔ وزیراعلیٰ نے سیالکوٹ میں ڈور پھرنے سے 10 سالہ بچی کے جاں بحق ہونے کے واقعہ کا نوٹس لیتے ہو ئے ڈ ی پی او سیالکوٹ سے رپورٹ طلب کر لی ہے۔کوٹ لکھپت جیل کے دورہ کے دوران ڈی آئی جی ملک مبشر احمد خان نے وزیراعلیٰ کو ہائی سکیورٹی بیرک، خواتین قیدیوں کے بچوں کے کیئر سنٹر اور دیگر سکیورٹی معاملات کے بارے میں بریفنگ دی۔