رینٹل پاور کیس: نیب نے سابق سیکرٹری پانی و بجلی شاہد رفیع کو گرفتار کرلیا
اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ، نامہ نگار) نیب نے رینٹل پاور کیس میں سابق سیکرٹری پانی و بجلی شاہد رفیع کو گرفتار کرلیا ہے۔ نیب ذرائع کے مطابق شاہد رفیع کو اسلام آباد میں ان کے گھر سے گرفتار کیا گیا۔ نیب کی ٹیم نے شاہد رفیع کے گھر سے اہم دستاویزات بھی قبضے میں لے لیں۔ شاہد رفیع کو نیب راولپنڈی کے دفتر منتقل کردیا گیا ہے۔ آج احتساب عدالت میں پیش کرکے ریمانڈ لیا جائے گا۔ شاہد رفیع پر قومی خزانے کو اربوں رپے نقصان پہنچانے اور غیر قانونی معاہدے کرنے کا الزام ہے۔ جعلی اکائونٹس سکینڈل کے پارک لین کیس میں زرداری کی فرنٹ کمپنی کے جی ایم کو گرفتار کر لیا گیا۔ اسلام آباد کی احتساب عدالت نے سلیم فیصل کا تیرہ روزہ جسمانی ریمانڈ منظور کر لیا۔ نیب اعلامیہ کے مطابق سلیم فیصل‘ ٹریکام کمپنی کا جنرل منیجر ہے جس نے پارتھینون کمپنی کو ڈیڑھ ارب روپے قرض دلوانے کیلئے پراپرٹی کا زیادہ تخمینہ لگانے کیلئے مدد کی۔ دریں اثنا اسلام آباد کی احتساب عدالت نے جعلی اکائونٹس ریفرنس میں آئندہ سماعت پر تمام ملزموں کو پیش کر نے کی ہدایت کی ہے۔