• news

اپوزیشن کی باؤلنگ کے بغیر ہی حکومت کی آدھی ٹیم ہٹ وکٹ ہوگئی: مریم اورنگزیب

اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ) مسلم لیگ ن کی ترجمان مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ نالائق کپتان ہمیشہ نالائق ٹیم کا انتخاب کرتا ہے۔ بیٹنگ آرڈر کی تبدیلی کے بجائے نالائق کپتان کی تبدیلی پاکستان کے مفاد میں ہے۔ عمران خان کے خطاب پر ردعمل میں انہوں نے کہا کہ عمران صاحب آپ بڑے پریشان تھے۔ اتنی گھبراہٹ اور اتنا غصہ کیوں ہے۔ آپ نے کہا کہ کوئی آپ کی حکومت گرا رہا ہے۔ قوم کو بتائیں کون آپ کی حکومت گرا رہا ہے۔ آپ کی نالائقی نااہلی یا آپ کی زبان حکومت کو گرا رہی ہے۔ کیونکہ اس حکومت کو گرانے کیلئے آپ کی نالائقی نااہلی اور زبان ہی کافی ہے۔ ابھی تو اپوزیشن نے بائولنگ ہی نہیں کرائی لیکن آدھی ٹیم ہٹ وکٹ ہو چکی ہے پاکستان کے مفاد میں بیٹنگ آرڈر نہیں بلکہ نالائق کپتان کی تبدیلی ہے۔ اب شور کرنے سے بات نہیں بنے گی۔ آپ کی نالائقی کی وجہ سے پچھلے 9 ماہ سے عوام جس کرب سے گزر رہے ہیں۔ اس پر آپ کو جواب دینا ہوگا کابینہ میں رودبدل کے بعد وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار گورنر کے پی شاہ فرمان اور وزیراعلیٰ کے پی محمود خان بھی گھبرانے والی فہرست میں شامل ہو گئے ہیں۔ نوجوان نوکری نہیں بلکہ دعا مانگ رہے ہیں کہ آپ کی نوکری چلی جائے۔ پاکستان کے عوام جان چکے ہیں کہ پاکستان ویسے ہی چل رہا ہے جیسے پشاور کی میٹرو بس چل رہی ہے پیسوں سے کچھ نہیں ہوتا اگر ہوتا تو پشاور میں ایک کھرب سے میٹرو کے کھڈے نہ ہوتے۔

ای پیپر-دی نیشن