پاک بحریہ اور کوسٹ گارڈ کے شہداء آبائی علاقوں میں فوجی اعزاز کے ساتھ سپردخاک
جہلم ، اوکاڑہ، ڈسکہ، جڑانوالہ ‘ رینالہ خورد (نامہ نگاران، نمائندہ خصوصی، این این آئی) بلوچستان میں مکران کوسٹل ہائی وے پر اورماڑہ کے قریب گزشتہ روز دہشت گردوں کی فائرنگ سے شہید ہونے والے پاک بحریہ کے جوانوں کو ان کے آبائی علاقوں میں سپرد خاک کر دیا گیا۔ پاک بحریہ کے شہید جوان علی اصغر کی نماز جنازہ لیہ کے میلاد گرائونڈ فتح پور میں اداکی گئی، تدفین آبائی قبرستان میں ہوئی۔ پاک بحریہ کے چاق و چوبند دستے نے شہید کو سلامی پیش کی۔ شہید علی اصغر کے سوگواروں میں بیوہ، چار بیٹے اورایک بیٹی شامل ہیں۔کوسٹ گارڈ کے شہید سپاہی ذوالفقار مری کو پڈعیدن میں نماز جنازہ کے بعد آبائی گائوں پٹھان مری کے قبرستان میں سپرد خاک کر دیا گیا۔ نماز جنازہ میں پاکستان کوسٹ گارڈ کے افسران اور شہریوں کی بڑی تعداد شریک تھی۔ جہلم کے نواحی علاقہ ڈھوک غلام علی داخلی موضع سگھیال سے تعلق رکھنے والا اور پاکستان نیوی کا لانس نائیک حمزہ اعوان جو چھٹی پر گھر آ رہا تھا کے حادثے کا شکار ہو گیا جس کی نماز جنازہ گزشتہ روز 3 بجے ادا کر دی گئی، نماز جنازہ میںعوامی، سماجی، سیاسی، سرکاری و مذہبی حلقوں کے سینکڑوں افراد نے شر کت کی۔ پاکستان نیوی کے آفیسر زین العابدین شہید کی نماز جنازہ رینالہ خورد میں تارے شاہ قبرستان میں ادا کر دی گئی اور انہیں مکمل فوجی اعزاز کے ساتھ سپرد خا ک کر دیا گیا اس موقع پر نیوی اور پاکستان آرمی کے جوانوں نے شہید کے جسد خاکی کو سلامی پیش کی نماز جنازہ میں رقت آمیز مناظر تھے ہر آنکھ اشک بار اور فضاء سوگوار تھی۔ ڈسکہ کے نواحی گائوں بھاڈے والا کا ہارون ایسٹر کی چھٹیاں منانے کیلئے اپنے نواحی گائوں بھاڈے والا آرہا تھا کہ بوڑی ٹاپ کے قریب کوسٹل ہائی پر دہشت گردوں نے فائرنگ کرکے شہید کردیا شہید ہارون کی ان کے آبائی گائوں بھاڈے والا میں تدفین کردی گئی پاک بحریہ کے دستہ نے شہید ہارون کو سلامی پیش کی۔ سٹیشن کمانڈر پاکستان نیوی نعمت اللہ نے نماز جنازہ میں شرکت کی۔تاہم کسی بھی سیاسی شخصیت نے شہید ہارون کے نماز جنازہ میں شرکت نہیں کی۔بلوچستان میں دہشت گردوں کی فائرنگ سے شہادت کا رتبہ پانیوالا نیوی ملازم علی رضا آبائی گا ئو ں میں پورے سرکاری اعزاز کیساتھ سپردخاک۔ نماز جنازہ میں رئیر ایڈمرل نوید احمد رضوی ، کمشنر فیصل آباد محمو د بھٹی ، صوبائی پارلیمانی سیکرٹری عادل پرویز گجر سمیت سینکڑو ں افراد نے شرکت کی ۔جڑانوالہ کے گاؤں چک نمبر 117گ ب کے رہائشی علی رضا ولد غلام جیلانی شہید کا جسد خاکی قو می پر چم میں لپیٹ کر آبائی گا ئوں پہنچایا گیا۔اس مو قع پر ریئر ایڈمرل نوید رضوی نے کہا کہ پو ری قوم دہشت گر دی کے خلا ف متحد ہے اور قو م سے مل کر پا ک وطن کے دشمنو ں اور دہشت گردو ں کا مقابلہ کریں گے۔