• news

فیڈریشن کے تنازعات ، فیفا ورلڈ کپ کوالیفائنگ رائونڈ میں پاکستان کی شرکت مشکوک

لاہور(سپورٹس رپورٹر+نمائندہ سپورٹس )فٹبال کی عالمی تنظیم فیفا نے ورلڈکپ کوالیفا ئنگ راونڈ کے مقابلوں کا اعلان کر دیا ہے جس میں پاکستان نے کمبوڈیا کے خلاف کھیلنا ہے تاہم پاکستان فٹبال فیڈریشن کے تنازعے کے باعث ان مقابلوں میں گرین شرٹس کی شرکت مشکوک ہوگئی ہے۔پاکستان میں اگرچہ سپریم کورٹ کی زیرنگرانی فٹبال فیڈریشن کے انتخابات کا انعقاد ہو چکا ہے تاہم فیفا اور ایشین فٹبال کنفیڈ ریشن نے تاحال ان انتخابات کو تسلیم نہیں کیا۔فیفا اور اے ایف سی کی قبولیت کے بغیر پاکستان فٹ بال ٹیم کسی ایونٹ میں حصہ نہیں لے سکتی۔ اس تناظر میں قومی ٹیم کے کھلاڑیوں کا اعلان ا ور ورلڈکپ سے قبل تربیتی مراحل کے متعلق سبھی کچھ ابہام کا شکار ہے۔ جنوری 2019 میں اے ایف سی نے نئی منتخب باڈی کے مستقبل پر یہ کہہ کر سوالیہ نشان لگا دیا کہ ان انتخابات میں بیرونی مداخلت ہوئی ہے۔پاکستان فٹبال فیڈریشن کے ایک مرکزی عہدے دار کا کہنا تھا کہ وہ فیفا کی جانب سے میچوں کے اعلان سے آگاہ ہیں۔پاکستان فٹبال فیڈریشن کے صدر اشفاق حسین شاہ نے بتایا کہ فیڈریشن کا تنازعہ حل کرنے کے لیے فیفا اور اے ایف سی کی فیکٹ فائنڈنگ ٹیم نے28 اپریل کو پاکستان آنا تھا۔ فیصل صالح حیات کی مخالفت کے سبب یہ دورہ ایک ماہ کے لیے ملتوی ہو گیا ہے۔ فیفا کی تحقیقاتی ٹیم اب 28 مئی کو پاکستان پہنچے گی۔اشفاق حسین شاہ کے مطابق اپریل میں فیفا کی فیکٹ فائنڈنگ ٹیم کے دورے کی صورت میں حقائق واضح ہو جانا تھے جس کے بعد ہم قومی ٹیم کا اعلان کر سکتے تھے لیکن ایک ماہ کی تاخیر کے باعث اب یہ ممکن نہیں کہ کوالیفائنگ میچ سے چند روز قبل ٹیم کا اعلان کیا جائے۔ورلڈ کپ کوالیفائنگ راونڈ میں پاکستان نے کمبوڈیا کے خلاف 6سے 11جون کے درمیان ہوم اینڈ اوے کی بنیاد پر میچز کھیلنا ہیں۔ تاریخوں کا یہ فرق واضح کرتا ہے کہ پاکستانی ٹیم کوالیفائنگ مقابلوں میں شریک نہیں ہو سکے گی۔کوالیفائنگ راونڈ میں پاکستان کی عدم شرکت کی صورت میں مدمقابل ٹیم کو واک اوور دے دیا جائے گا۔

ای پیپر-دی نیشن