قومی کرکٹ ٹیم کے اہلخانہ ورلڈ کپ سے آئوٹ، فیصلے سے ناخوش
لاہور ( سپورٹس رپورٹر+نمائندہ سپورٹس )پاکستان کرکٹ بورڈ نے ورلڈ کپ میں قومی ٹیم کے مشکل شیڈول کے پیش نظر کھلاڑیوں پر اہلخانہ اور بچوں کو ساتھ رکھنے پر پابندی عائد کر دی ۔ کھلاڑی دورہ انگلینڈ پر اہلخانہ کو ساتھ رکھ سکیں گے لیکن عالمی کپ کے دوران وہ ایسا نہیں کر سکیں گے۔ذرائع کے مطابق پی سی بی نے طویل ورلڈکپ اور زیادہ سفر کے باعث کھلاڑیوں کو اہل خانہ کو ساتھ رکھنے کی اجازت نہ دینے کا فیصلہ کیا ہے ۔ بورڈ نے کھلاڑیوں پر واضح کر دیا ہے کہ آئی سی سی ورلڈ کپ سے قبل انگلینڈ کے خلاف پانچ ون ڈے میچوں کے دوران کھلاڑی اہلیہ اور بچوں کو ساتھ رکھ سکتے ہیں تاہم دوران ورلڈ کپ انہیں اہل خانہ کو ساتھ رکھنے کی اجازت نہیں ہوگی۔ اس تمام صورت حال میں کھلاڑی بورڈ کے اس فیصلے سے زیادہ خوش دکھائی نہیں دیتے، ان کا مؤقف ہے کہ ورلڈ کپ کا آخری گروپ میچ بنگلہ دیش کے خلاف پاکستان کو 5 جولائی کو کھیلنا ہے، اور اگر ٹیم پاکستان نے فائنل کھیلا تو 15 جولائی کو وطن واپسی ہوگی، اس اعتبار سے دو ماہ طویل دورے میں کھلاڑیوں کو اہل خانہ کو ساتھ رکھنے کی اجازت نہ دینا افسوسناک ہے۔