آئی ایم ایف کیساتھ مذکرات آگے بڑھانا چاہتے ہیں، بجٹ 24 مئی کو پیش ہو سکتا ہے: مشیر خزانہ
اسلام آباد (آن لائن+آئی این پی) مشیرِ خزانہ عبدالحفیظ شیخ کا کہنا ہے کہ وزارتِ خزانہ میں امور اسی طرح چلانے کی کوشش کریں گے جیسے پہلے چل رہے تھے۔ وزارتِ خزانہ کے حکام کے ساتھ ملاقات کے بعد میڈیا نمائندوں سے غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے مشیرِ خزانہ کا کہنا تھا کہ ان کی حکام کے ساتھ آئندہ مالی سال کے بجٹ، ملکی آمدن اور اخراجات پر کام کرنے سے متعلق بات چیت ہوئی ہے۔انہوں نے بتایا بجٹ کی تیاری کے حوالے سے حکام کو وسط مدتی حکمتِ عملی کا مسودہ تیار کرنے کی ہدایت بھی کی گئی ہے جسے رواں ماہ کے اختتام پر کابینہ کو ارسال کیا جائے گا۔ عالمی مالیاتی ادارے (آئی ایم ایف) کے ساتھ مذاکرات سے متعلق بات چیت آگے بڑھائے گی، کیونکہ دونوں فریق انہیں آگے لے جانا چاہتے ہیں۔ عبدالحفیظ شیخ کا کہنا تھا کہ آئی ایم ایف اس معاملے کو آگے بڑھانے کے لیے پْر عزم ہے، کوشش ہے کہ جلد آئی ایم ایف کا وفد پاکستان آئے گا۔ آئندہ مالی سال کے بجٹ سے متعلق انہوں نے بتایا کہ یہ بجٹ 24 مئی کو ہی پیش کیا جا سکتا ہے۔ وزارتِ خزانہ کے امور سنبھالنے کے بعد مشیرِ خزانہ کا کہنا تھا وہ تمام چیزوں کو اسی طرح لے کر چلنے کی کوشش کریں گے جیسی پہلے چل رہی تھیں۔مشیر خزانہ نے بتایا انہوں نے آئی ایم ایف ڈائریکٹر سے بات کی ہے اور ان کو حکومت کی طرف سے پیغام دیا ہے کہ ہم مذاکرات آگے لے جانا چاہتے ہیں۔ آئی ایم ایف حکام نے اس پروگرام کے بارے میں یقین دہانی کرائی ہے۔ ہم چاہتے ہیں مشن جلد پاکستان آئے تاکہ اس عمل کو تیز کر کے پاکستان کے مفاد میں جلد مکمل کیا جائے۔ وزارت خزانہ کے حکام سے ملاقات کے بعد مشیر خزانہ نے وزیراعظم عمران خان سے ملاقات کی۔انہوںنے وزیراعظم کو آئی ایم ایف حکام کے ساتھ ہونے والی گفتگو سے آگاہ کیا۔ ملاقات میں آئندہ بجٹ کی تیاری اور دیگر معاشی معاملات پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔سیکرٹری خزانہ یونس ڈھاگا نے ملک کی معاشی صورتحال‘ بجٹ 2919-20ء اور آئی ایم ایف سے مذآاکرات کے حوالے سے بریفنگ دی۔ اس موقع پر ڈاکٹر حفیظ شیخ نے سیکرٹری خزانہ کو درپیش معاشی چیلنجز سے حل کیلئے اپنے روڈ میپ سے آگاہ کیا۔مشیر خزانہ عبدالحفیظ شیخ نے پاکستان کیلئے آئی ایم ایف کے چیف مشن کو ٹیلی فون کیا اور آئی ایم ایف کے ساتھ بات چیت جاری رکھنے پر اتفاق کیا۔ وزارت خزانہ اعلامیہ کے مطابق بات چیت میں اتفاق کیا گیا کہ آئی ایم ایف کا وفد اس ماہ کے آخر میں پاکستان کا دورہ کرے گا۔ مشیر خزانہ نے آئی ایم ایف کے ڈائریکٹر جہاد آزور سے بھی اس سے پہلے بات چیت کی۔ پاکستان کیلئے آئی ایم ایف پروگرام پر مذاکرات پر ہونے والی پیشرفت پر گفتگو کی گئی۔