• news

شاہد خان آفریدی کی زندگی پر بھی کتاب لکھ دی گئی

لاہور(نمائندہ سپورٹس) قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان شاہد آفریدی کی آپ بیتی’ ’گیم چینجر‘‘ 30 اپریل کو پاکستان میں شائع کی جائے گی، آفریدی کا کہنا ہے کہ انہوں نے اس کتاب میں اپنے بارے میں سچ بیان کرنے کی حتی الامکان کوشش کی ہے۔ شاہد آفریدی کی جانب سے اپنی کتاب کا سرورق سوشل میڈیا پر شیئر کیا گیا ہے۔ گیم چینجر نامی شاہد آفریدی کی آپ بیتی معروف اینکر پرسن وجاہت سعید خان نے لکھی ہے۔شاہد آفریدی نے بتایا کہ ان کی آپ بیتی پر گزشتہ 2 برس سے کام جاری تھا اور اب یہ کتابی صورت میں پہلے بھارت ور پھر پاکستان میں شائع کی جائے گی۔ گیم چینجر کی بھارت میں 25 اور پاکستان میں 30 اپریل کو رونمائی کی جائے گی۔ شاہد آفریدی کا کہنا ہے کہ انہوں نے عظیم کھیل میں اپنی زندگی کے بارے میں حتی الامکان سچ بولنے کی کوشش کی ہے۔کتاب کے مصنف وجاہت سعید خان کا کہنا ہے کہ شاہد آفریدی کے ساتھ بیٹھنا اور ان کا انٹرویو کرنا بہت ہی مشکل کام ہے۔ ان کی شاہد آفریدی کے ساتھ خیبر جاتے ہوئے ہیلی کاپٹر میں ملاقات ہوئی اور وہیں اس کتاب کو لکھنے کا منصوبہ بنا۔ وجاہت سعید خان نے سابق ڈی جی آئی ایس پی آر اور موجودہ کمانڈر سدرن کمانڈ لیفٹیننٹ جنرل عاصم سلیم باجوہ کا بھی شکریہ ادا کیا جنہوں نے دونوں کی ملاقات کرائی تھی۔

ای پیپر-دی نیشن