• news

فاروق ستار نے اسی شاخ کو کاٹ دیا جس پر بیٹھے تھے، میئر کراچی

کراچی(صباح نیوز)میئر کراچی وسیم اختر نے کہا ہے کہ فاروق ستار نے اسی شاخ کو کاٹ دیا جس پر وہ بیٹھے تھے۔کراچی کی انسداد دہشتگردی کی خصوصی عدالت میں ایم کیو ایم کے قائد کی اشتعال انگیز تقاریر میں سہولت کاری کے 23مقدمات کی سماعت ہوئی۔ڈاکٹر فاروق ستار، عامر خان، رئوف صدیقی، وسیم اختر، قمر منصور، ریحان ہاشمی، محمود عبد الرزاق، شاہد پاشا سمیت دیگر عدالت میں پیش ہوئے۔ عدالت نے ملزموں کے وکلا کی عدم موجودگی کے باعث سماعت 18مئی تک ملتوی کردی۔سماعت کے بعد میڈیا سے گفتگو میں فاروق ستار نے میئر کراچی وسیم اختر کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ شہر میں پانی کی قلت کا مسئلہ بڑھ رہا ہے مگر کسی کی توجہ نہیں ہے، حکمران تو عوام کو مارنے کا سوچے بیٹھے ہیں۔میئر کراچی وسیم اختر نے کہا کہ کراچی پیکج کے 162 ارب روپے کے معاملے پر تذبذب کا شکار ہیں، کابینہ میں ردو بدل کے اثرات کراچی پیکج پر نہیں پڑنے چاہئیں۔ انہوں نے کہا کہ مجھے 40مقدمات میں پھنسایا گیا ہے اور سابق ایس پی ملیر را ئوانوار نے کسی کو خوش کرنے کے لیے مجھ پر جھوٹے مقدمات بنائے۔فاروق ستار کے سوالوں پر ردعمل دیتے ہوئے وسیم اختر نے کہا کہ فاروق ستار کا پتہ نہیں کونسی دنیا میں رہتے ہیں، وہ واٹر بورڈ کے فنڈ کی بات کرتے ہیں جو ادارہ میرے ماتحت ہی نہیں، ان کی باتوں پر صرف ہنسی آسکتی ہے، فاروق ستار نے اسی ڈال کو کاٹ دیا جس پر وہ بیٹھے تھے اور اپنے پیروں پر خود کلہاڑی چلائی ہے۔

ای پیپر-دی نیشن