سٹیزن پورٹل‘ ناقص کارکردگی پر کارروائی‘ 131 اسسٹنٹ کمشنروں کو شوکاز 20 کو وارننگ
لاہور (سپیشل رپورٹر) چیف سیکرٹری پنجاب یوسف نسیم کھوکھر کی جانب سے پاکستان سیٹیزن پورٹل پر شکایات کے ازالہ سے متعلق ناقص کارکردگی کا نوٹس لینے کے بعد صوبائی محکموں نے غیر ذمہ داری کا مظاہرہ کرنے والے افسران کیخلاف تادیبی کارروائی شروع کر دی۔ چیف سیکرٹری پنجاب نے ایک اجلاس میں پاکستان سیٹیزن پورٹل پر شکایات کے ازالہ سے متعلق ناقص کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے افسران کیخلاف کارروائی کا حکم دیا ۔ محکمہ سروسز اینڈ جنرل ایڈمنسٹریشن نے ناقص کارکردگی کا مظاہرہ کرنے پر ڈی جی خان، گجرات اور ٹوبہ ٹیک سنگھ کے اسسٹنٹ کمشنرز کو عہدوں سے ہٹا نے کے احکامات جاری کر دیئے جبکہ 31اسسٹنٹ کمشنرز کو شو کاز نوٹس اور 20 کو وارننگ لیٹر جاری کر دیئے۔تسلی بخش کارکردگی پر 71اسسٹنٹ کمشنرز کو تعریفی اسناد سے بھی نوازا گیا ہے۔ اسی طرح دو اضلاع کے ڈپٹی کمشنرز کو اظہار وجوہ کے نوٹس اور تین ڈپٹی کمشنرز کو وارننگ لیٹر جاری کئے گئے ۔