• news

پنجاب کے عوام کیلئے آب پاک اتھارٹی قائم، گورنر سرور پیٹرن انچیف ہونگے

لاہور (نیوز رپورٹر) پنجاب کے عوام کو پینے کے صاف پانی کی فراہمی کیلئے ’’پنجاب آب پاک اتھارٹی‘‘ قائم کردی گئی۔ گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور نے پنجاب اسمبلی سے منظور شدہ پنجاب آب پاک اتھارٹی کے بل پر دستخط کر کے اتھارٹی کے قیام کی باقاعدہ منظوری دیدی۔ گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور پنجاب آب پاک اتھارٹی کے پیٹرن انچیف ہوں گے۔ تفصیلات کے مطابق گزشتہ ماہ پنجاب اسمبلی سے منظور ہونیوالا پنجاب آب پاک اتھارٹی کا بل گورنر ہائوس لاہور کو موصول ہوا ہے جسکے بعد گورنر نے اس بل پر دستخط بھی کر دیئے ہیں۔ اس اتھارٹی کے تحت پنجاب کے110ملین سے زائد عوام کو پینے کے صاف پانی کی فراہمی کیلئے فلٹر یشن پلانٹس لگانے سمیت تمام اقدامات کیے جائیں گے اور پنجاب آب پاک اتھارٹی جیلوں ‘ہسپتالوں اور یونیورسٹیز میں بھی فلٹریشن پلانٹس لگائے گی جبکہ گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور نے کہا کہ پنجاب کے عوام کو پینے کے صاف پانی کی فراہمی موجودہ حکومت کی اولین ترجیح ہے۔

ای پیپر-دی نیشن