مجھے ہٹانے کا سوچا تو استعفیٰ دے دوں گا، بزدار سے کوئی جھگڑا نہیں: گورنر سرور
لاہور، گوجرانوالہ (آئی این پی، نمائندہ خصوصی) گورنر پنجاب چوہدری سرور نے کہا ہے کہ اگر سب کچھ جہانگیر ترین نے کرنا ہے تو کیا ہم آلو چنے بیچنے آئے ہیں۔اگر کسی نے مجھے ہٹانے کا سوچا تو وہ استعفیٰ دے دوں گا ‘میرا عثمان بزدار سے کوئی جھگڑا ہے اور نہ ہی مجھے انکی تبدیلی کے حوالے سے کوئی علم ہے‘چوہدری نثار کو اب اسمبلی میں آجانا چاہیے‘ ٹیم میں اختلافات ہیں لیکن عمران خان پر سب متحد ہیں۔ اپنے ایک ٹی وی انٹر ویو کے دوران گور نر پنجاب چوہدری محمدسرور نے کہا کہ ان کا عثمان بزدار سے کوئی جھگڑا نہیں ہے، انہیں وزیر اعلی پنجاب کی تبدیلی کے حوالے سے کوئی علم نہیں ہے چوہدری نثار کو اب اسمبلی میں آجانا چاہیے اور اپنے لوگوں کی نما ئندگی کر یں ۔ انہوںنے تحریک انصاف کے مرکزی رہنما جہانگیر ترین کو بھی تنقید کا نشانہ بنایا اور کہا ٹیم میں اختلافات ہیں لیکن عمران خان پر سب متحد ہیں، سب کچھ جہانگیر ترین نے کرنا ہے تو کیا ہم آلو چنے بیچنے آئے ہیں؟ ۔چوہدری سرور نے واضح کیا کہ وزیر اعظم ان سے ناراض نہیں ہیں ، عمران خان کے پاس جادو کی چھڑی نہیں کہ فورا مسائل ختم کردیں، حکومت کہیں نہیں جارہی، پانچ سال پورے کریں گے۔دریں اثناء چیئرمین جی ڈی کی جانب سے ٹکٹ ہولڈرز میں ظہرانے میں خطاب کرتے ہوئے گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور نے کہا ہے کہ کپتان کا اختیار ہے جس کو مرضی چاہے اور جس پوزیشن پر بہتر سمجھے اسے کھلائے انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی اپنے منشور کے مطابق اور ملک سے کرپشن کے خاتمے تک آرام سے نہیں بیٹھے گی۔اس موقع پر ٹکٹ ہولڈرز رضوان اسلم بٹ،احسان اللہ ورک،جمال ناصر چیمہ،مہر سرفراز،چئیرمین پی ایچ اے ایس اے حمید،انور طفیل وڑائچ و دیگر بھی موجود تھے گورنر پنجاب نے نیا پاکستان وزیر اعظم عمران خان کی قیادت میں بن کر رہے گا جس میں روزگار،تعلیم اور صحت عوام کو میسر ہوگی بعد ازاں گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور نواحی گاوں لدھیوالا وڑائچ گئے جہاں ہو ٹکٹ ہولڈر میاں محمد طارق کے ڈیرے پر یوم تاسیس کی تقریب سے مختصر خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پلوامہ واقعہ کے بعد بھارتی وزیراعظم نے حملے کی دھمکیاں دیں،پاکستان نے انڈیا کو سفارتی سمیت ہر محاذ پر شکست دی،دنیا مان رہی ہے کہ پاکستان سچ اور بھارت جھوٹ بول رہا ہے،لاکھوں کی تعداد میں ٹورسٹ پاکستان آئیں گے جس سے معیشت کو فائدہ ہو گا۔