• news

نثار ہماری پارٹی سے نہیں، وزیراعلیٰ کیسے بن سکتے ہیں: فردوس عاشق

گوجرانوالہ+ اسلام آباد(نمائندہ خصوصی+ صباح نیوز)مشیر اطلاعات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ چوہدری نثار کو وزیر اعلیٰ پنجاب بنائے جانے کی خبروں میں صداقت نہیں وہ تحریک انصاف کی سیٹ پر منتخب نہیں ہوئے لہٰذا انہیں ہماری سپورٹ کیوں ہو گی۔ کرپشن کے خلاف جو وژن عمران خان کا ہے اسی کو آگے بڑھائیں گے۔ پیپلز پارٹی میں تمام چیزیں درست ہو رہی ہوتیں تو پارٹی نہ چھوڑتے۔آصف علی زرداری کے کنڈیکٹ پر سوالیہ نشان آتا ہے ۔ پیپلز پارٹی نے کرپشن سے ناطہ نہ توڑا تو سندھ سے بھی ختم ہو جائے گی۔ نجی ٹی وی پروگرام میں اظہار خیال کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف نے کبھی محاذ آرائی کی سیاست نہیں کی۔ کچھ حالات واقعات ایسے ہوئے جس سے یہ تاثر پیدا ہوا کہ شاید پی ٹی آئی تصادم کی کیفیت میں جانا چاہتی ہے۔ سیاسی استحکام ہمیشہ معاشی استحکام کو جنم دیتا ہے۔فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ گھر کا بھیدی ہمیشہ لنکا ڈھایا کرتا ہے ہم لوگ پیپلز پارٹی کے اندر بیٹھ کر جو کچھ دیکھ رہے تھے اگر سب کچھ صحیح ہورہا ہوتا تو اس جماعت کو چھوڑنے کی ضرورت نہ پڑتی۔ بد قسمتی سے پاکستان پیپلز پارٹی کا جیالا جس بھٹو ازم کے نظریہ کے ساتھ کھڑا تھا وہ اب ذاتی اور کاروباری مفاد کے ساتھ جڑ گیا ہے اور قومی مفاد پیچھے رہ گیا ۔چوہدری نثار کو وزیراعلیٰ پنجاب بنانے کی خبروں کی مذمت کرتی ہوں ان کو کون سپورٹ کرے گا ان کی جماعت کے پاس تو اکثریت نہیں ہے۔ ان کو ہماری سپورٹ کیوں ہوگی وہ ہماری سیٹ پر تو منتخب ہی نہیں ہوئے۔ ہم ان کو کیوںوزیر اعلی لیں گے۔انہوں نے کہا کہ ملک کے عوام نے تحریک انصاف کو مینڈیٹ دیا ہے چانڈیو صاحب کی جماعت کی ملک کے بیشتر حصوں میں ضمانت ضبط ہوئی۔مشیر اطلاعات نے کہا کہ وزراء کی تبدیلی سے متعلق وزیر اعظم نے آئینی اختیار استعمال کیا۔وزراء کی تبدیلی کے حوالے سے غیر آئینی اور بلا جواز تنقید کیوں؟مشیر اطلاعات نے گوجرانوالہ میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعظم عمران خان غریب آدمی کی جنگ لڑ رہے ہیں عوام کی مشکلات کا عمران خان سے زیادہ کسی کو اندازہ نہیں ۔ عمران خان ملک کو دیوالیہ نہیں ہونے دے گا معاشی ٹیم کو مہنگائی کے خاتمے کا ٹارگٹ دیا گیا ہے عوام کو ریلیف دینے کیلئے اقدامات کئے جا رہے ہیں۔

ای پیپر-دی نیشن