جعلی اکاؤنٹس کیس میں بڑی پیشرفت، بھٹو ہاؤس نوڈیرو پر چھاپہ، زرداری کا قریبی ساتھ گرفتار
اسلام آباد ، نو ڈیرو( نامہ نگار) نوڈیرو ہائوس کے انچارج کو نیب سکھر نے گرفتار کرلیا۔تفصیلات کے مطابق نوڈیرو ہائوس کے انچارج عبدالندیم بھٹو کو نوڈیرو کے پبلک پار محلہ سے نیب سکھر کی ٹیم نے گھر پر چھاپہ مارکر گرفتار کرلیا اس متعلق ان کے بھائی عبدالجبار بھٹو کا کہنا تھا کہ میرے بھائی کو نیب سکھر شب برات کو دیر گئے گرفتار کرکے اپنے ساتھ لے گئے ہے اس کے اکائونٹ میں ہائوس کے ملازمین کی بتیس لاکھ روپے کی تنخواہ ہر ماہ آتی تھی جس پر اس کو گرفتار کرلیا گیا ہے دوسری جانب نوڈیرو تھانے کے ایس ایچ او گلزار بیھن کا کہنا ہے کہ مجھے اس کا علم نہیں۔ آئی این پی کے مطابق سابق صدر پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری کے دست راست ندیم بھٹو کو قومی احتساب بیورو سکھر نے جعلی اکاونٹس کیس میں گرفتار کرلیا ہے۔ذرائع کے مطابق نیب سکھر نے لاڑکانہ نوڈیروہاوس پر چھاپہ مارا جہاں سے ندیم بھٹو کو کیا گیا ہے۔ نیب کے مطابق ملزم ندیم بھٹو جعلی اکاونٹس سے بڑے پیمانے پر رقوم وصول کرتا رہا ہے، ندیم بھٹو وصول کردہ رقوم سے بھٹو اسٹیٹ کے ملازمین کو تنخواہیں جاری کرتا رہا ہے۔ندیم بھٹو نوڈیروہاوس کے انچارج اور سابق صدر آصف علی زرداری کے قریبی ساتھی ہیں، نیب کے مطابق ندیم بھٹو کو جسمانی ریمانڈ کے لیے (آج) پیر کو احتساب عدالت سکھر میں پیش کیا جائے گا۔ترجمان نوڈیرو ہاوس نے کہا کہ لاڑکانہ میں بھٹو ہاؤس پر چھاپے کی بے بنیاد خبروں کی تردید کرتے ہیں، بھٹو ہاؤس سے کسی کو گرفتار نہیں کیا گیا ہے۔ترجمان نے وضاحت میں کہا کہ نہ ہی کسی ادارے نے چھاپہ مارا ہے اور نہ ہی ندیم بھٹو لاڑکانہ ہاؤس کا انچارج ہے۔