ورلڈ کپ میں کامیابی کیلئے جان لڑادیں گے، قومی کرکٹرز پر عزم
لاہور(سپورٹس رپورٹر) ورلڈ کپ میں شرکت کرنے والے پاکستان ٹیم کے کھلاڑیوں نے اس عزم کا اظہار کیا ہے کہ میگا ایونٹ میں شاندار کارکردگی سے ملک و قوم کا نام روشن کرینگے۔ ورلڈ کپ سکواڈ کے کھلاڑیوں کا میڈیا سیشن کے دوران کہنا تھا کہ میگا ایونٹ میں اپنی پرفارمنس سے ٹیم کی جیت میں اہم کردار ادا کرنے کی کوشش کرینگے۔ سابق کپتان محمد حفیظ کا کہنا تھا کہ میرا ٹیم میں جو بھی رول دیا جائے گا اس پر پورا اترنے کی کوشش کرونگا۔ ماضی میں بھی بیٹنگ اور باولنگ دونوں میں اپنا کردار ادا کرتا رہا ہوں انشااﷲ ورلڈ کپ میں کامیابی حاصل کرنے کی کوشش کرینگے۔ فاسٹ باولر جیند خان کا کہنا تھا کہ فخر محسوس کر رہا ہوں کے عالمی کپ میں پاکستان کی نمائندگی کر رہا ہوں۔ خواہش تھی کہ ورلڈ کپ کھیلوں جو پوری ہونے جا رہی ہے۔ عمران سے ملاقات ہوئی ہے انہوں نے جو مشورے دیئے ہیں بڑے مفید ہیں جن پر عمل کیا جائے گا۔ بابر اعظم کا کہنا تھا کہ ورلڈ کپ سے پہلے انگلینڈ کے خلاف پانچ ایک روزہ میچوں کی سیریز کا قومی ٹیم کو فائدہ ہوگا۔ ورلڈ کپ سے پہلے کھلاڑیوں کا جو آرام دیا گیا تھا مجھے اس کا بہت فائدہ ہوا ہے ایک نئے مائنڈ سیٹ کے ساتھ اب میدان میں اتریں گے۔ مجھ سمیت تمام کھلاڑی ورلڈ کپ میں کچھ اچھا کر دکھانے کے لیے پرامید ہے۔ فاسٹ باولر حسن علی کا کہنا تھا کہ میری کوشش ہوگی کہ پاکستان سپر لیگ کی والی پرفارمنس کو ورلڈ کپ میں بھی جاری رکھوں، ماضی میں بھی انگلینڈ میں اچھی کرکٹ کھیلی ہے وہاں آئی سی سی چیمپیئنز ٹرافی کا ٹائٹل جیت چکے ہیں جس کی وجہ سے کھلاڑیوں کا مورال بلند ہے۔ باولنگ میں میرے لیے جو بھی ٹاسک ٹیم مینجمنٹ کی جانب سے دیا جائے گا کوشش ہوگی کہ اس پر پورا اتروں۔ آل راونڈر فہیم اشرف کا کہنا تھا کہ ورلڈ کپ میں پوری تیاری کے ساتھ جا رہے ہیں۔ میگا ایونٹ میں اچھا کرنے کی کوشش کرنے کی کوشش کرینگے۔ کرکٹ پریشر گیم ہے ہماری کوشش ہوگی کہ کسی قسم کا کوئی پریشر نہ ہو۔ حارث سہیل کا کہنا تھا کہ انگلینڈ میں اب زیادہ تر بیٹنگ وکٹیں دیکھنے میں آ رہی ہیں۔ تین سو رنز بنا کر کسی بھی حریف ٹیم کو مشکل میں ڈالا جا سکتا ہے۔ بیٹنگ لائن کو اپنی ذمہ داری کا مظاہرہ کرتے ہوئے بورڈ پر اچھا سے اچھا ٹوٹل بنانا ہوگا۔