واپڈا نے آرمی کو ہرا کر نیشنل والی بال چیمپئن شپ جیت لی
لاہور(سپورٹس رپورٹر+نوائے وقت رپورٹ) پاکستان والی بال فیڈریشن کے زیر اہتمام جاری نیشنل والی بال چیمپئن شپ واپڈا نے جیت لی ۔ فاتح ٹیم نے فائنل میں آرمی کو دو کے مقابلے میں تین سیٹ سے شکست دی ۔ایئرفورس نے نیوی ٹیم کو تین ایک سے شکست دیکر تیسری پوزیشن کا برانز میڈل جیت لیا۔ نشتر سپورٹس کمپلیکس کے انڈور جمنیزیم ہال میں منعقد چیمپئن شپ کے تیسری پوزیشن کے میچ میں پی اے ایف نے پہلے سیٹ میں نیوی ٹیم کو 25-19 سے شکست دی۔ دوسرے سیٹ میں نیوی ٹیم نے پاکستان ائر فورس ٹیم کے خلاف سخت مزاحمت کی تاہم پی اے ایف ٹیم نے 33 کے مقابلے 35 پوائنٹس سے کامیابی اپنے نام کر کے میچ میں دو صفر کی برتری حاصل کر لی۔ میچ کے تیسرے سیٹ میں نیوی ٹیم نے شاندار کم بیک کرتے ہوئے 25-20 سکور سے کامیابی حاصل کر کے مقابلہ دو ایک کر دیا۔ میچ کے چوتھے سیٹ میں ایئرفورس ٹیم نے عمدہ کھیل پیش کرتے ہوئے نیوی ٹیم کو 25-14 سے مات دیکر تیسری پوزیشن کا برانز میڈل جیت لیا۔