ایٹی حملہ: مودی کی دھمکی افسوسناک، جنوبی ایشیا میں عدم استحکام آئے گا: پاکستان
اسلام آباد+سرینگر (سٹاف رپورٹر+ نوائے وقت رپورٹ+ آئی این پی+صباح نیوز ) بھارتی وزیراعظم ک ایٹمی حملے کی دھمکیوں پر پاکستان نے شدید ردعمل کا اظہار کیا ہے۔ ترجمان دفتر خارجہ نے کہا ہے کہ بھارتی وزیراعظم کا بیان افسوسناک اور غیر ذمہ دارانہ ہے۔ سیاسی مقاصد کیلئے ایسے بیانات سے جنوبی ایشیا میں عدم استحکام آئے گا۔ خطے میں سٹرٹیجک استحکام کیلئے خطرناک ہے۔ جوہری ہتھیاروں سے متعلق ایسے بیانات انتہائی غیرذمہ دارانہ ہیں۔ خطے کے استحکام کیلئے بات چیت کیلئے ذریعے مسائل کا حل ضروری ہے۔ مودی نے کہا ہمارے ایٹمی ہتھیار دیوالی پر چلانے کیلئے نہیں ہیں ہمارے پاس ایٹمی ہتھیاروں کی ماں ہے میں نے پاکستان کو بتانے کا فیصلہ کیا ہے جو بھی کرنا ہے کر لو لیکن ہم بھرپور جواب دیں گے اگر میں 1971ء میں ہوتا تو بھارت نے شملہ معاہدے میں جو پاکستان سے ہارا وہ کبھی نہ ہوتا۔ سابق وزیراعلی مقبوضہ کشمیر محبوبہ مفتی نے مودی کو بھرپور جواب دیتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان نے بھی ایٹمی ہتھیار عید کے لیے نہیں رکھے ہوئے ہیں۔ سوشل میڈیا پرجواب دیتے ہوئے کہا ہے کہ اگر بھارت نے ایٹمی ہتھیار دیوالی کے لیے نہیں رکھے ہوئے ہیں تو یہ بات بھی ظاہر ہے کہ پاکستان نے یہ عید کے لیے نہیں رکھے ہوئے ہیں۔محبوبہ مفتی نے کہا کہ ایسے بات کرتے ہیں جیسے ایٹمی ہتھیار نہیں مٹھائی ہو کہ یہ دیوالی پر تقسیم کی جائے گی۔ان کا کہنا ہے کہ پتہ نہیں وزیراعظم مودی اتنے نیچے کیوں آگئے ہیں، انہیں سیاسی درجہ حرارت کو کم کرنا چاہیے۔