• news

بلاول نے نیشنل سکیورٹی پر خودکش حملہ کیا، ایس لگا ضدی بچہ تقریر کر رہا ہے: فردوس عاشق

لاہور (خصوصی نامہ نگار، نوائے وقت رپورٹ)وزیر اعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ عمران خان اور وزیر اعلی عثمان بزدار ایک پیج پر ہیں ‘ وزیر اعلیٰ پنجاب سے میٹنگ ہوئی ہے۔ ڈائریکٹوریٹ جنرل پبلک ریلیشنز میں ایک بریفنگ ہوئی ہے اور میں اس میں ادارے کے حوالے سے کچھ نشاندہی کر کے آئی ہوں‘ میں وزیر اعلیٰ پنجاب کو مبارکباد دوں گی کہ پنجاب اسمبلی میں تحریک انصاف کے تمام ارکان نے ان پر اعتماد کا اظہار کیا ہے ‘ جو مخالفین کی جانب سے وزیر اعلیٰ کی گڈ گورننس اور کارکردگی کے حوالے سے افواہیں اور چہ مگوئیاں تھیں وہ دم توڑ گئی ہیں۔ پنجاب اسمبلی کے احاطے میں میڈیا سے گفتگو میں فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ عمران خان نے خصوصی طورپر واضح پیغام دے کر بھیجا ہے کہ جو آپس میں رابطوں کا فقدان بنا ہے اسے دور کیا جائے۔ میڈیا انڈسٹری جو اس وقت مشکلات کا شکار ہے ہمیں آپ کا معاون بننا ہے۔ جو لوگ انتخابات میں ووٹ کو عزت دو کے نعر ے لگاتے تھے وہ بھی اس ووٹ کو عزت دیں۔ وزیر اعلیٰ عثمان بزدار اکیلے نہیں ہیں۔ اپوزیشن کا چورن نہیں بکے گا۔ وزیراعلیٰ پنجاب سے درخواست کی ہے کہ اخبارات کے بلوں کی مد میں جو ادائیگیاں زیر التواء ہیں انہیں جاری کیا جائے تاکہ مشکلات کا شکار میڈیا انڈسٹری بحران سے نکل سکے۔ تحریک انصاف کیلئے پنجاب سیاسی محاذ ہے اور ہم نے اس محاذ کو قلعے میں تبدیل کرنا ہے۔ ارکان اسمبلی کے حلقے مورچے ہیں اور ان مورچوں سے عوام کو ریلیف ملنا چاہیے اور ان سے عوام کی مشکلات کم ہونی چاہئیں۔ پارلیمنٹ، پارلیمنٹری پریکٹسز، حکومت اور گورننس میں ہر جگہ آپ وزیراعظم عمران خان کی آنکھ اور کان ہیں۔ فردوس عاشق نے کہا ایسے لگ رہا تھا جیسے ضدی بچہ رو کر تقریر کررہا ہے۔ بلاول بھٹو نے نیشنل سکیورٹی پر خودکش حملہ کیا۔ پیپلزپارٹی دور میں متعدد بار کابینہ کو تبدیل کیا گیا جو پرفارمنس دے گا وہ عمران خان کی ٹیم میں رہے گا۔ مشرف دور میں ٹینکوکریٹ وزراء خزانہ کو لایا گیا تھا۔ وزراء کو تبدیل کرنا عمران خان کا آئینی اختیار ہے۔ اسد عمر مستعفی ہوئے۔ وزیر پٹرولیم کو 8 ماہ بعد کہا گیا کہ آپ وزرات کے اہل نہیں ہیں۔ سپیکر پنجاب اسمبلی چودھری پرویزالٰہی سے وفاقی مشیر برائے اطلاعات و نشریات فردوس عاشق اعوان نے موجودہ ملکی سیاسی صورتحال سمیت دیگر باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا۔ سپیکر نے فردوس عاشق اعوان کو نیا منصب سنبھالنے پر مبارکباد دی۔

ای پیپر-دی نیشن