نوازشریف کا شریف میڈیکل کمپلیکس میں طبی معائنہ انجیو پلاسٹی اور اوپن ہارٹ سرجری سے متعلق فیصلہ نہ ہوسکا
لاہور (نیوز رپورٹر) سابق وزیراعظم نوازشریف کا شریف میڈیکل کمپلیکس میں طبی معائنہ گزشتہ روز بھی کیا گیا، جہاں میڈیکل بورڈ نے رپورٹس کا مکمل جائزہ لیا۔ تفصیلات کے مطابق محمد نواز شریف کو ساتویں بار یہاں چیک اَپ کیلئے لایا گیا، میڈیکل بورڈ کے نیفرولوجسٹ، کارڈیالوجسٹ اور نیورولوجسٹ پروفیسرز نے ان کے مختلف ٹیسٹ کئے۔ میڈیکل بورڈ نے نوازشریف کی انجیوپلاسٹی اور اوپن ہارٹ سرجری کے بارے میں فیصلہ کرنا تھا جو تاحال نہیں ہوسکا، سابق وزیر اعظم نوازشریف کوٹ لکھپت جیل سے 6 ہفتے کی ضمانت پر رہا ہیں اور شریف میڈیکل سٹی میں ان کا علاج کیا جارہا ہے۔ نوازشریف کے ذاتی معالج ڈاکٹر عدنان نے سوشل میڈیا پر بیان میں کہا ہے کہ نوازشریف کی صحت اور زندگی کو لاحق خطرات کا جائزہ لیا، خون کے نمونوں کی رپورٹس کی روشنی میں نوازشریف کو فوری علاج کی ضرورت ہے۔