فیصل ٹاون: 11 سالہ گھریلو ملازمہ ماموں کے ہاتھوں قتل، ملزم گرفتار
لاہور(نمائندہ خصوصی)فیصل ٹاون کے علاقہ میں 11سالہ بچی کو اس کے ماموں نے قتل کرکے نعش سوئمنگ پول میں پھینک دی۔ پولیس نے بچی کے ماموں سمیت 3افراد کو حراست میں لے لیا ۔تفصیلات کے مطابق شاہدرہ ٹاون کی رہائشی حنا گھریلو ملازمہ تھی،جس نے چند روز قبل فیصل ٹاون کے علاقہ 27کے بلاک میں ابراہیم نامی شخص کے گھر میں ملازمت شروع کی تھی،بچی کا ماموںسلمان پہلے سے ہی اس گھر میں ملازمت کرتا تھا۔گزشتہ روز ابراہیم اپنے دیگر اہل خانہ کے ساتھ کھانا کھانے گھر سے باہر گیا ہوا تھا کہ اس دوران گھر میں موجود بچی کے ماموں نے پولیس اور ریسکیو کو اطلاع دی کہ حنا سوئمنگ پول میں گر گئی ہے،جس پر اسے جناح ہسپتال منتقل کیا گیا جہاں ڈاکٹرز نے اس کی موت تصدیق کردی۔بچی کی ہلاکت پر ایس ایچ او فیصل ٹاون انسپکٹر شیخ حماد اختر نفری کے ہمراہ موقع پر پہنچے اور نعش قبضہ میں لیکر مردہ خانے جمع کروادی،فرانزک اور پولیس ٹیموں نے گھر سے شواہد بھی قبضہ میں لیے اور گھر میں موجود بچی کے ماموں سلمان سمیت تین افراد زاہد اور لطیف کو حراست میں لے لیا۔دوران تفتیش بچی کے ماموں سلمان نے اپنے جرم کا اعتراف کرلیا،ملزم نے بچی کو قتل کرنے کے بعد واقعہ کو حادثے کا رنگ دینے کی کوشش کی۔