زرعی ٹیوب ویل پر ٹیکس کیخلاف کسان اتحاد کا احتجاج، لانگ مارچ کا اعلان
پاکپتن، وہاڑی، چیچہ وطنی (نمائندہ نوائے وقت، نامہ نگار خصوصی) زرعی ٹیوب ویل پر FPA ٹیکس کے نفاذ کے خلاف پاکستان کسان اتحاد کا احتجاجی مظاہرہ، مظاہرے میں کسانوں نے یکم مئی کو پارلیمنٹ ہائوس کی طرف لانگ مارچ اور واپڈا کو بلوں کی ادائیگی روکنے کا اعلان کر دیا۔ تفصیلات کے مطابق زرعی ٹیوب ویل پر FPA ٹیکس کے نفاذ کے خلاف پاکستان اتحاد نے احتجاجی مظاہرہ کیا جس میں کسانوں نے حکومتی ناقص پالیسیوں کے خلاف شدید نعرے بازی کی۔ اس موقع پر کسان اتحاد نے یکم مئی کو پارلیمنٹ ہائوس کی طرف لانگ مارچ کرنے اور واپڈا کو بلوں کی ادائیگی احتجاجاً روکنے کا اعلان کیا۔ریلی سے خطاب کے دوران پاکستان کسان اتحاد کے صوبائی صدر پنجاب چوہدری رضوان اقبال نے کہا کہ یکم مئی کو لانگ مارچ میں ملک بھر سے کسان شرکت کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ حکومتی ناقص پالیسیوں نے شعبہ زراعت کو تباہ کردیا۔مظاہرے میں کسانوں کی بہت بڑی تعداد نے شرکت کی۔وہاڑی میں پاکستان کسان اتحاد کی مرکزی قیادت کی ہدایات پر کسانوں کاشتکاروں کا اپنے مطالبات کے حق میں احتجاجی مظاہرہ اور ریلی مظاہرین نے مین لڈن روڈ بلاک کرکے احتجاجی مظاہرہ کیا۔ واقعات کے مطابق گزشتہ روز پاکستان کسان اتحاد کی مرکزی قیادت کی ہدایات پر کسانوں کاشتکاروں کا اپنے مطالبات کے حق میں احتجاجی مظاہرہ اور ریلی جس کی احتجاج کی قیادت ضلعی صدر افتخار احمد چوہدری اور جنرل سیکرٹری محمد اکرم کمبوہ نے کی احتجاجی مظاہرین سے خطاب کرتے ہوئے ضلعی صدر پاکستان کسان اتحاد افتخار احمد چوہدری اور جنرل سیکرٹری محمد اکرم کمبوہ نے کہا کہ واپڈا کی طرف سے فیول پرائس ایڈجسٹمنٹ ٹیکس لگانے کی پرزور مذمت کرتے ہیں۔اگر ہمارے مطالبات تسلیم نہ کئے گئے تو یکم مئی کو پنجاب بھر کے کسان اسلام آباد تک مارچ کریں گے۔چیچہ وطنی میں بھی زرعی ٹیوب ویل کے بجلی کے بلوں میں اضافی ٹیکس لگانے کے خلاف پاکستان کسان اتحاد کے زیر اہتمام کسانوں نے چیچہ وطنی میں بہت بڑی احتجاجی ریلی نکالی، ریلی چیچہ وطنی بائی پاس سے شروع ہوکر واپڈا ہاؤس سمیت شہر کے مختلف بازاروں سے ہوتے ہوئے چیچہ وطنی پریس کلب پر پہنچ کر اختتام پذیر ہوئی۔ ریلی کے شرکاء نے مختلف پلے کارڈز اور بینرز اٹھا رکھے تھے جن پر کسانوں کے مختلف مطالبات درج تھے۔ریلی کی قیادت پاکستان کسان اتحاد کے ضلعی صدر ساہیوال کیپٹن (ر) محمد حسین نے کی۔ اضافی ٹیکس لگانے سے کسان زراعت سے دلبرداشتہ ہو رہے ہیں۔ انہوں نے وزیر اعظم پاکستان اور وفاقی وزیر پانی و بجلی سے اپیل کی کہ زرعی ٹیوب ویلوں کے بجلی کے بلوں میں FPAٹیکس کو فوری ختم کیا جائے تاکہ ملک کا کسان بھی زندہ رہ سکے۔