کسی جماعت کے حریف نہیں‘ حکومت جلد سویلین کے حوالے کر دی جائے گی: سوڈانی فوجی سربراہ
خرطوم (اے پی پی + آن لائن) سوڈان کی فوجی عبوری کونسل کے سربراہ جنرل عبدالفتاح البرھان نے کہا ہے کہ سعودی عرب کی طرف سے سوڈانی قوم کے لیے دل کھول کر امداد فراہم کی گئی ہے۔ہم سعودی عرب کے ساتھ مل کرکام جاری رکھیں گے۔ایک ٹی وی انٹرویومیں جنرل البرھان نے موجودہ بحران میں مدد کرنے پر سعودی عرب، روس اور مصرکا شکریہ ادا کیا۔انہوں نے کہا کہ فوج نے مجبوری میں اقتدار ہاتھ میں لیا ہے۔ جلد ہی حکومت سولین کے حوالے کردی جائے گی۔ انہوں نے ملک میں تبدیلی کے عمل میں نوجوانوں کی خدمات اور ان کی تحریک کو خراج تحسین پیش کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ فوجی عبوری کونسل کسی گروپ یاجماعت کی حریف نہیں۔جنرل البرھان نے کہا کہ سیاسی قوتوں کی طرف سے 100 اہم تجاویز پیش کی گئی ہیں اور کونسل ان پر غور کررہی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ اگر تمام سیاسی قوتیں کسی ایک ایجنڈے پر متفق ہوجائیں تو وہ اگلے روز اقتدار ان کے حوالے کردیں گے۔