کوئٹہ میں بم دھماکے، 12افراد زخمی، متعدد دکانوں کو نقصان ،2موٹرسائیکل تباہ
کوئٹہ (بیورو رپورٹ) ڈیرہ اللہ یار کے صحبت پور چوک پر موٹرسائیکل میں نصب بم دھماکہ سے 12افراد زخمی متعدد دکانوں کو بھی نقصان، دو موٹرسائیکلیں تباہ ہوگئیں۔ تفصیلات کے مطابق منگل کو ڈیرہ اللہ یار کے صحبت پور چوک پر کلاتھ ہاؤس کے سامنے کھڑی موٹرسائیکل میں نصب بم کا دھماکہ ہوا جس کے نتیجے میں 12افراد جن میں جانب سیانچ، مختیار علی مری، غلام رسول راہوجہ ،مرزا خان لاشاری ،خان محمد بگٹی ،نیاز لاشاری ،ارشاد بہرانی ،ممتاز علی لاشاری وکی کمار عبدالقادر بروہی۔ شہزادہ کٹبار اور صدام ابڑو شامل ہیں، زخمی ہوگئے۔ دھماکہ اتنا شدید تھا کہ قریبی دکانوں کو بھی نقصان پہنچا ہے۔ دھماکے کے بعد دکانوں کی چھتوں کو آگ لگ گئی۔ بم دھماکے میں زخمی ہونے والوں کو فوری طور پر سول ہسپتال ڈیرہ اللہ یار پہنچایا گیا جہاں چار زخمیوں کی حالت تشویشناک ہونے کے باعث ان کو مزید علاج معالجہ کے لیے لاڑکانہ منتقل کردیا گیا ہے۔ دریں اثناء بلوچستان کے علاقے تمپ میں سکیورٹی فورسز اور نامعلوم مسلح افرادکے درمیان فائرنگ کے تبادلے میں دو مسلح افراد ہلاک ہوگئے۔ یہاں آمدہ اطلاعات کے گزشتہ روز بلوچستان کے علاقے تمپ میں گندا در کے مقام پر سیکورٹی فورسز اور نامعلوم مسلح افراد کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ ہوا۔ فائرنگ کے تبادلے کے دوران دو مسلح افراد ہلاک ہوگئے جن کی نعشوں کو ہسپتال منتقل کردیا گیا۔