• news

دہشتگردی سے متعلق وزیراعظم کے ایک جملے کو اٹھا کر کہانی تراشی گئی: شاہ محمود

ٹوکیو (نوائے وقت رپورٹ) وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے جاپانی ہم منصب کے ساتھ مشترکہ پریس کانفرنس میں کہا کہ پاکستان اور جاپان تمام شعبوں میں تعاون بڑھانے کے خواہاں ہیں۔ ملاقات کے بعد وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے نجی ٹی وی سے بات کرتے ہوئے کہا ہے کہ جاپانی ہم منصب سے دو طرفہ تعلقات آگے بڑھانے پر بات چیت ہوئی۔ جاپان کے ساتھ دو ایم او یوز پر دستخط ہوئے۔ جاپان سکیورٹی معاملات میں ہماری مدد کرے گا۔ وزیراعظم سے پاک ایران سکیورٹی چیفس کے درمیان ملاقات پر بات ہوئی، ہم نے ایران کی مختلف معاملات میں مدد کی۔ وزیراعظم نے کہا اپنی سرزمین دہشتگردی کیلئے استعمال نہیں ہونے دیں گے۔ وزیراعظم کے ایک جملے کو اٹھا کر پوری کہانی گھڑی گئی۔ کچھ قوتیں پاک ایران تعلقات میں کشیدگی چاہتی ہیں، ہماری بدقسمتی ہے کہ ہم ماضی سے نکل نہیں رہے۔ امریکہ نے ایران پر پابندی لگا رکھی ہے۔ ان حالات میں ایران کے ساتھ مالی معاملات بڑھانا آسان نہیں۔ پاک ایران گیس پائپ لائن مناسب منصوبہ ہے۔ گیس پائپ منصوبے میں رکاوٹ امریکی پابندیاں ہیں۔ ایران ہمارا پڑوسی ملک ہے۔ ہم نے اپنے مفادات کو بھی سامنے رکھنا ہے۔ جرمنی کے ساتھ ہم تعلقات کو مزید وسعت دے رہے ہیں۔ مودی سرکار پاکستان کے خلاف زیر افشانی کر رہی ہے۔ بھارتی حکومت اپنے سیاسی مقاصد کیلئے کچھ بھی کر سکتی ہے۔ پاکستان کو بھارت کے معاملے میں محتاط رہنے کی ضرورت ہے۔ اسد عمر نے مشکل حالات میں معیشت کو سہارا دیا۔ علاوہ ازیں وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے جاپان کے نائب وزیراعظم تاروآسو سے بھی ملاقات کی جس میں دو طرفہ تعلقات اور دونوں ممالک کے مابین مختلف شعبوں میں تعاون میں مزید فروغ پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ دوران ملاقات خطے میں امن و امان کی موجودہ صورتحال پر بھی گفتگو ہوئی۔ دونوں رہنماؤں نے خطے میں امن و استحکام کیلئے مشترکہ کاوشیں جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا۔ مزید برآں وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ پاکستان میں تجارت اور سرمایہ کاری کے وسیع مواقع موجود ہیں اور جاپانی کمپنیاں آئی ٹی، چھوٹی اور درمیانی سطح کی صنعتوں اور زراعت سمیت مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری کر سکتی ہیں۔ یہ بات انہوں نے چیئرمین جاپان پاکستان بزنس کوآپریشن کمیٹی کی طرف سے ٹوکیو میں اپنے اعزاز میں دیئے گئے ظہرانے کے موقع پر کہی۔ وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ ہم جاپان کے سرمایہ کاروں کو دعوت دیتے ہیں کہ وہ پاکستان میں خصوصی اقتصادی زونز سے فائدہ اٹھاتے ہوئے وسیع مارکیٹ تک رسائی حاصل کریں۔ وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے جاپانی پارلیمنٹ میں جاپان پاکستان پارلیمنٹری فرینڈشپ لیگ کے ممبران سے بھی ملاقات کی۔ اس موقع پر جاپان پاکستان پارلیمنٹری فرینڈشپ لیگ کے چیئرمین سشرو ایٹو نے کہا کہ جلد پاکستان سے پارلیمانی وفد جاپان کا دورہ کرے گا۔

ای پیپر-دی نیشن