• news

زیر تربیت افسروں کے وفد کی سی سی پی او لاہورسے ملاقات

لاہور(نامہ نگار) سول سروسز اکیڈمی میں زیر تربیت افسروں کے وفد نے گزشتہ روز سی سی پی او لاہور بی اے ناصر سے ان کے دفتر میں ملاقات کی۔ اس موقع پر ایس ایس پی ایڈمن لاہور منتظر مہدی بھی موجود تھے۔ وفد سے ملاقات کے دوران سی سی پی او نے عملی زندگی کے آغاز پر نوجوان افسروں کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ زمانہ طالب علمی اور عملی زندگی میں واضح فرق ہے۔ اللہ تعالی نے آپ کو عوام کی خدمت کا موقع دیا ہے، اب یہ آپ کا فرض ہے کہ نہ صرف اپنی بساط کے مطابق شہریوں کے مسائل حل کریں بلکہ ان کی عزت نفس کا بھی خاص خیال رکھیں۔ صرف سول سروسز اکیڈمی میں حاصل کی گئی تربیت کافی نہیں ہوتی بلکہ آپ کو ہمیشہ اپنی استعداد کار بڑھانے پر توجہ دینا ہو گی کیونکہ تجربے کا کوئی نعم البدل نہیں۔ زیر تربیت افسروں کے مختلف سوالات کاجواب دیتے ہوئے بی اے ناصر نے کہا کہ ملازمت کے دوران کوئی پوسٹ غیر اہم نہیں ہوتی۔ آپ اپنے ٹیلنٹ کو ہر جگہ احسن انداز میں بروئے کار لا سکتے ہیں۔ ملک اور قوم نے آپ سے جو توقعات وابستہ کی ہیں انہیں ہمیشہ مقدم رکھیں۔ سی سی پی او بی اے ناصر نے وفد کے ارکان کو لاہور پولیس کی طرف سے شیلڈز بھی دیں ۔

ای پیپر-دی نیشن