بھارتی اداکارسنی دیول نے بی جے پی میں شمولیت اختیار کر لی
لاہور ( شوبزڈیسک) بھارتی اداکار سنی دیول نے بی جے پی میں شمولیت اختیار کر لی۔سنی دیول نے وزیر دفاع نرمیلا سیتا رمن اور وزیر ریلوے کی موجودگی میں بھارتی جنتا پارٹی کی رکنیت حاصل کی۔
بھارتی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق 62 سالہ اداکار سنی دیول نے نئی دہلی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ’شائننگ انڈیا‘ کے لیے نریندر مودی کو ایک مرتبہ پھر وزیراعظم بنانا ہوگا۔ میرے والد اٹل بہاری واجپائی کے ساتھ جڑے رہے۔ میں بھی اسی لیے نریندر مودی کا ساتھ دینے آیا ہوں۔ میں زیادہ بولوں گا نہیں بلکہ کام کر کے دکھائوں گا۔دوسری طرف امکان ظاہر کیا جا رہا ہے کہ بی جے پی سنی دیول کو پنجاب کے ضلع گرداس پور کی سیٹ پر الیکشن لڑتے دیکھنا چاہتی ہے۔