• news

سپورٹس کی ترقی اور فروغ کیلئے نجی شعبہ کو کردار ادا کرنا ہوگا:ندیم سرور

لاہور(سپورٹس رپورٹر+نمائندہ سپورٹس) ڈائریکٹر جنرل سپورٹس پنجاب ندیم سرور نے کہا ہے کہ سپورٹس کی ترقی اور فروغ کے لئے نجی شعبہ کو اپنا کردار ادا کرنا ہوگا، سپورٹس بورڈ پنجاب سپورٹس تنظیموں اور نجی شعبہ سے مل کر سپورٹس کو فروغ دے رہا ہے، سنوکر کے کھیل میں پاکستان نے اپنا مقام بنا لیا ہے، پاکستان سنوکر کا ورلڈ اور ایشین چیمپئن رہا ہے، سنوکر کے ٹیلنٹ کو سامنے لانے کے لئے اس گیم کو سپورٹس بورڈ پنجاب نے ان پانچ بڑی گیمز میں شامل کرلیا ہے جن سے پاکستان میڈل جیت سکتا ہے، سنوکرکی کوچنگ بھی شروع کریں گے، ان خیالات کا اظہار انہوں نے پہلی اوپن سنوکر چیمپئن شپ کی اختتامی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر پنجاب سنوکر ایسوسی ایشن کے صدر ایم بی غوری ، نعیم اقبال و دیگر بھی موجود تھے۔ ڈائریکٹر جنرل سپورٹس پنجاب ندیم سرور نے مزید کہا کہ سپورٹس انسان کیلئے بہت ضروری ہے جس سے صحت مند معاشرہ وجود میں آتا ہے، سپورٹس بورڈ پنجاب گراس روٹ لیول سے نیا ٹیلنٹ سامنے لارہا ہے۔ سنوکر نوجوانوں کا مقبول کھیل ہے اس گیم کی مقبولیت کو دیکھتے ہوئے سپورٹس بورڈ پنجاب نے پانچ بڑی گیمز میں شامل کرلیا ہے۔

ای پیپر-دی نیشن