• news

وزیراعلیٰ کے ساتھ ہیں، مسلم لیگ ن سے رابطہ ہے نہ گورنر بننے کا ارادہ: پرویز الٰہی

لاہور (خصوصی نامہ نگار) سپیکر پنجاب اسمبلی چودھری پرویزالٰہی نے مقامی ہوٹل میں ’’اللہ کے رنگ‘‘ کے عنوان سے تصویری نمائش کے افتتاح کے بعد میڈیا کے سوالات کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ وزیراعظم اور وزیراعلیٰ کا اختیار ہے کہ وہ جب چاہیں کابینہ تبدیل کر سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہماری پارٹی کا ایک مؤقف ہے کہ وزیراعلیٰ عثمان بزدار کو مضبوط کرنا ہے اس سلسلے میں پارٹی قائد چودھری شجاعت حسین نے واضح کر دیا ہے کہ ہم وزیراعلیٰ کے ساتھ کھڑے ہیں،وزیراعلیٰ کے ساتھ ہیں، مسلم لیگ ن سے رابطہ ہے نہ گورنر بننے کا ارادہ ہے۔ جب کسی کے ساتھ چلنے کا فیصلہ کر لیں تو بہت سی چیزوں کو درگزر کر کے چلنا پڑتا ہے۔ ایک سوال کے جواب میں چودھری پرویزالٰہی نے کہا کہ مجھے 40 سال سیاست میں ہوگئے ہیں ہر جمہوری پارٹی میں اختلافات ہوتے رہتے ہیں یہ سیاست کا حسن ہے۔ انہوں نے کہاکہ ن لیگ سے ہمارا کوئی رابطہ نہیں ہے۔ انہوں نے ایک سوال پر کہا کہ میں منتخب نمائندہ ہوں گورنر بننے کا کوئی ارادہ نہیں میں جہاں ہوں خوش ہوں۔ تصویری نمائش کی آرگنائزر غزالہ جاوید اور حکیم عزیز الرحمن کی خدمات کو سراہتے ہوئے انہوں نے کہا کہ فن پاروں میں عشق حقیقی اور تصوف کے رنگوں کو عیاں کرنے کی بھر پور کوشش کی گئی۔ دریں اثناء چنیوٹ پریس کلب کے عہدیداروں کے وفد سے بات چیت کرتے ہوئے پرویز الٰہی نے کہا ہے کہ عوام کی خدمت اپنا فرض سمجھتے ہیں۔ کسی بھی پارٹی سے لاتعلق رہتے ہوئے تمام عوامی مسائل کا خاتمہ اولین ترجیحات میں شامل ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پاکستان پیپلز پارٹی پارلیمنٹرین کے پارلیمانی لیڈر سید حسن مرتضیٰ کی قیادت میں آئے چنیوٹ پریس کلب کے عہدیداروں کے وفد سے ملاقات کے دوران کیا۔ ملاقات میں چودھری شاہد محمود صدر ڈسٹرکٹ پریس کلب‘ ناصر چودھری جنرل سیکرٹری یونین آف جرنلسٹ‘ شہزاد اقبال جنرل سیکرٹری پریس کلب‘ مہر ربنواز‘ سید تنویر عباس شاہ‘ مہر ظفر عباس‘ محبوب عالم‘ ساجد منیر‘ چودھری شاہد عمران‘ ملک گلزار‘ ملک افضال رضا اور سردار سیف شامل تھے۔

ای پیپر-دی نیشن