• news

خیبر پی کے: پولیو ٹیم کی سکیورٹی پر مامور ایک اور پولیس اہلکار قتل

بونیر (آن لائن ) خیبر پی کے میں پولیو مہم کے حوالے سے پھیلی افواہوں کے بعد پولیو ٹیم پر مسلسل دوسرے روز ضلع بونیر میں ہونے والے حملے میں ایک اور پولیس اہلکار کو قتل کردیا گیا۔ پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ پولیو ٹیم تور وارسک کے دور دراز علاقے میں قطرے پلانے کی مہم میں مصروف تھی اور ان پر پولیس اہلکار پولیو ٹیم کی سیکورٹی پر مامور تھا کہ ایک نامعلوم مسلح شخص نے ٹیم پر فائر کھول دیا جس سے پولیس اہلکار ظفر جاں بحق ہو گیا۔ اس سلسلے میں کمشنر مالاکنڈ نے بتایا کہ کانسٹیبل ظفر علی کی کچھ ذاتی دشمنیاں بھی تھیں تاہم پولیس اس حوالے سے مزید تحقیقات کر رہی ہے۔ خیال رہے کہ ایک روز قبل بنوں میں نامعلوم افراد نے پولیو مہم کی سکیورٹی پر مامور پولیس اہلکار کو فائرنگ کرکے قتل کر دیا تھا۔علاوہ ازیں پشاور کے علاقے ماشوخیل میں پولیو ویکسین سے بچوں کی طبیعت خراب ہونے کا ڈرامہ اور اس کی آڑ میں ہسپتال کو آگ لگانے والے مزید 9 ملزمان کو گرفتار کرلیا گیا۔ایس پی پشاور صاحبزادہ سجاد کے مطابق گرفتار کیے گئے 9 ملزمان کو ویڈیو کی مدد سے گرفتار کیا گیا جن کے قبضے سے 2 کلاشنکوف اور 2 پستول برآمد ہوئے۔

ای پیپر-دی نیشن