پی ٹی آئی میں کوئی شاہ محمود، جہانگیر ترین گروپ ہے نہ صدارتی نظام کا امکان: وزیر خارجہ
ٹوکیو(آن لائن+ نوائے وقت نیوز)وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ دنیا اعتراف کرتی ہے پاکستان کے ہتھیار محفوظ ہیں‘ہمارے کوئی جارحانہ عزائم نہیں ،اسلام آباد ذمہ دارجوہری طاقت ہے، جاپان کواپنی صنعتیں پاکستان میں لگانے کی دعوت دی ہے۔ بدھ کو وزیرخارجہ شاہ محمودقریشی نے جاپان کے 3 روزہ دورے کے اختتام پرگفتگو کرتے ہوئے کہا کہ یہ کسی بھی پاکستانی وزیرخارجہ کا 7 سال بعد جاپان کا پہلا دورہ ہے، وزیرخارجہ نے جاپانی قیادت کوپاکستان میں اقتصادی اصلاحات پربریفنگ دی جب کہ دورے کے دوران دونوں ملکوں میں تعلقات کی بحالی کے عزم کا اظہارکیا گیا۔شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ جاپان دوسری جنگ عظیم کے بعد بڑی اقتصادی طاقت بن چکا ہے، جاپان اپنی صنعت دوسرے ممالک میں منتقل کرنا چاہتا ہے، جاپانی صنعت کی چین سے پاکستان منتقلی پربات ہوئی، جاپان کواپنی صنعتیں پاکستان میں لگانے کی دعوت دی ہے۔وزیر خارجہ کا مزید کہنا تھا کہ جاپانی وزیرخارجہ کومنی لانڈرنگ کیخلاف اقدامات سے آگاہ کیا، شاہ محمود قریشی نے کہا کہ پاکستان ذمہ دارجوہری طاقت ہے‘ہمارے کوئی جارحانہ عزائم نہیں‘دنیا اعتراف کرتی ہے کہ پاکستان کے ہتھیارمحفوظ ہیں۔وزیرخارجہ نے کہا کہ فوڈ پروسیسنگ انڈسٹری نہ ہونے سے زرعی آمدن متاثرہورہی ہے، جاپان 20 کروڑآبادی کی فوڈ انڈسٹری سے فائدہ اٹھائے، جاپانی قیادت سے ایف اے ٹی ایف پرتفصیلی بات چیت کے علاوہ پاکستان کو ایف اے ٹی ایف گرے لسٹ سے نکالنے پربات ہوئی جبکہ جاپانی قیادت سے دہشتگردوں کی مالی معاونت روکنے پر بھی بات ہوئی۔ شاہ محمود قریشی نے کہا تحریک انصاف میں نہ تو کوئی شاہ محمود قریشی گروپ ہے اور نہ ہی جہانگیر ترین گروپ ہے بلکہ صرف پی ٹی آئی گروپ ہے جہاں ہر فرد کو ایک ذمہ داری دی گئی ہے۔ پاکستان میں صدارتی نظام کا کوئی امکان نہیں‘ صرف افواہیں ہیں جبکہ چودھری نثار کے پنجاب کے وزیراعلیٰ بننے کی خبریں صرف خبریں ہی ہیں ان میںکوئی صداقت نہیں ہے۔ ایک سوال کے جواب میں شاہ محمود قریشی نے کہا کہ تحریک انصاف کی حکومتمیں ٹینکوکریٹ مشیروں کی تعداد منتخب نمائندوں سے کم ہی ہے اور وزیراعظم نے مشیروں کی تعداد کا بیلنس بگڑنے نہیں دیا ہے جبکہ مشیروں کی تقرری خلاف انہیں بھی نہیں ہے۔ ماضی میں بھی (ن) لیگ نے کئی مشیر مقررکئے جن میں سرتاج عزیز سرفہرست تھے۔ تحریک انصاف کی حکومت بھی پانچ سال پورے کرے گی۔ پاکستان میں اب جمہوریت مضبوط ہو چکی ہے جسے پیپلزپارٹی نے پانچ سال مکمل کئے اور (ن) لیگ کی حکومت نے پانچ سال پورے کئے۔ اس طرح تحریک انصاف کی حکومت بھی پانچ سال پورے کرکے گی۔ ایک اور سوال کے جواب میں شاہ محمود قریشی نے کہا نیب کے قانون میں ترمیم کے حوالے سے فی الحال پارلیمنٹ میں کوئی کام نہیں ہو رہا۔