• news

صدر علوی، عمران کے سری لنکن ہم منصبوں کو فون، دہشتگردی کیخلاف تعاون کی پیشکش

اسلام آباد (نمائندہ خصوصی‘ نوائے وقت رپورٹ + ایجنسیاں) صدر ڈاکٹر عارف علوی نے سری لنکن ہم منصب کو ٹیلی فون کیا۔ صدر نے سری لنکا میں دہشتگردی کی مذمت اور حکومت و عوام سے اظہار یکجہتی کیا اور دہشتگردی کے خلاف مکمل تعاون کی پیشکش کی۔ وزیراعظم عمران خان نے دہشتگردی کے خلاف سری لنکن وزیراعظم کو ہرممکن تعاون کی پیش کش کر دی، وزیر اعظم عمران خان نے کہا ہے کہ دہشتگردی کا شکار ہونے کے ناطے ہم سری لنکن بھائیوں کا دکھ سمجھتے ہیں۔ بدھ کو وزیراعظم عمران خان نے سری لنکا کے وزیراعظم کو ٹیلیفون کیا۔ دہشتگردی کے واقعات کی شدید الفاظ میںمذمت کی اور متاثرہ خاندانوں کے ساتھ اظہار ہمدردی کیا۔ وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ مشکل کی اس گھڑی میں سری لنکن بھائیوں کے ساتھ کھڑے ہیں۔ پاکستانی قوم دہشتگردی کا شکار ہے ہم سری لنکن بھائیوں کا دکھ سمجھتے ہیں، دہشتگردی کا کوئی مذہب نہیں ہوتا، دہشتگردی خطے اور پوری دنیا کیلئے خطرہ ہے۔ دہشتگردی کے خاتمے کیلئے ہرممکن تعاون کرتے رہیں گے۔ دوسری طرف سری لنکا میں ایسٹر پر دھماکوں میں ہلاک افراد کی تعداد 360 ہو گئی۔ بدترین حملوں کے بعد سکیورٹی اداروں کے سربراہان تبدیل کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ صدر سری سینا نے کہا سکیورٹی اداروں کے سربراہان 24 گھنٹوں میں تبدیل ہو جائیںگے۔ جن آفیشلز نے ان کے ساتھ خفیہ معلومات شیئر نہیں کیں‘ ان کے خلاف بھی سخت ایکشن لیا جائے گا۔ سری لنکن وزیراعظم نے کہا حملوں کے تانے بانے بیرون ملک سے ملتے ہیں جس میں داعش کا ایک گروپ ملوث ہو سکتا ہے۔ سری لنکن حکام نے اب تک 58 مشتبہ افراد کو گرفتار کیا ہے۔ وزیراعظم رانیل وکرما سنگھ کا ایک پریس کانفرنس میں کہنا ہے کہ سیکورٹی ایجنسیاں ان سری لنکن شہریوں کو مانیٹرکر رہی ہیں جو داعش میں شامل ہونے کے بعد ملک واپس لوٹے ہیں۔ واضح رہے سری لنکا میں مزید حملوں کا خدشہ برقرار جبکہ ملک میں کرفیو اور ہنگامی حالت نافذ ہے۔ مسلم لیگ (ن) کے صدر اور قائد حزب اختلاف شہبازشریف نے پاکستان میں سری لنکا کے سفیر نور الدین محمد شہید کو خط میں سری لنکا میں ایسٹر کے موقع پر دہشت گردی کی مذمت کرتے ہوئے ہلاکتوں پر رنج و غم اور افسوس کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا دہشت گردی کے بہیمانہ واقعات انسانیت کے خلاف سنگین جرائم اور مشترکہ مہذب اقدار پرحملہ ہیں۔ سری لنکا پولیس نے کہا ہے کہ ایسٹر کے موقع پر ہونے والے بم دھماکوں میں خاتون سمیت 9 خودکش حملہ آور ملوث تھے۔ ڈپٹی وزیر دفاع نے بتایا کہ دھماکوں میں ملوث ایک بمبار نے برطانیہ اور آسٹریلیا سے تعلیم حاصل کی تھی۔

ای پیپر-دی نیشن