ہاکی کی بہتری کیلئے موجودہ فیڈریشن کو گھربھیجناہوگا: رشید الحسن
لاہور(سپورٹس رپورٹر+نمائندہ سپورٹس)ہاکی ٹیم کے سابق کپتان گولڈمیڈلسٹ ائولمپیئن رشید الحسن نے کہا ہے کہ ہاکی کھیل کے بہتر مستقبل کیلئے موجودہ فیڈریشن کو گھربھیجناہوگا،کرپشن میں سیکرٹری کا نام آجائے توہاکی کا اللہ ہی حافظ ہے ۔ وزیراعظم عمران خان ہاکی کے شوقین ہیں مگر ہاکی کی بہتری کیلئے موجودہ حکومت سے کوئی کام نہیں ہواہے ۔ہمارے کچھ اولمپئن وزیر کھیل ڈاکٹر فہمیدہ مرزاسے ملے ہیں،ہوسکتاہے کہ سٹینڈنگ کمیٹی کی میٹنگ بھی اسی بات کی کڑی ہو۔ احتساب ہونا چاہیے اس بات پر تمام تمام ائولمپئن اکٹھے ہیں ،اگراچھے فیصلے چاہتے ہیں تو اس ہاکی فیڈریشن کولازما گھر بھیجناہوگا۔ جوبھی فورنزک آڈٹ ہواہے اس کو منظر عام پر لاناہوگاتاکہ آئندہ کسی کو کرپشن کرنے کی جرات نہ ہو۔ بدبختی کا یہ عالم ہے کہ ہم تین دفعہ کے اولمپک چمپئن، چاردفعہ ورلڈ کپ چیمپئن ہیں مگرآج ہم اولمپک اور ورلڈ کپ جیسے بڑے ایونٹ کے لئے کوالیفائی بھی نہیں کرسکے ۔موجودہ فیڈریشن عہدوں پر کیوں براجمان ہے،غیرت ایمانی اورہاکی کے ملکی مفا کی خاطر ہی ان کو عہدہ چھوڑدینا چاہیے۔ اگر یہ لوگ عہدے نہیں چھوڑرہے تو یقینا دال میں کچھ کالاضرورہے ،ہرزبان پر عام ہے کہ موجودہ فیڈریشن نے کرپشن کی ہے ۔ اگراسٹینڈنگ کمیٹی صحیح آڈٹ کرے تومیں یقین سے کہہ سکتا ہوں کہ آئندہ کسی کو فیڈریشن میںکرپشن کرنے کی جرات نہ ہوگی ،اس کا بہترین اچھاحل ہے کہ سب کو فارغ کرکے اچھے اور ہاکی سے محبت کرنے والوں کولے کرآئیں ۔ ہمارے ملک میں اچھے لوگوں کی کمی نہیں ہے۔ ہاکی کی بہتری کیلئے بہت زیادہ کام کرنے کی ضرورت ہے۔ مگریہ بات سمجھ سے بالاتر ہے کہ ہم نے ڈسٹرکٹ لیول پر بھی متحارب گروپ ایسوسی ایشن بناکر ہاکی کو تباہ کردیاہے ،ظلم یہ ہے کہ اگرکوئی بہتر کھیلنے والا بچہ آجائے تو مخالف کلب کا بچہ کہہ کراس کی حوصلہ شکنی کی جاتی ہے جس سے ٹیلنٹ برباد ہوجاتا ہے۔