5سال میں پاکستان ہاکی فیڈریشن کو 42 کروڑ 56 لاکھ روپے ملے
لاہور(سپورٹس رپورٹر+نمائندہ سپورٹس) بین الصوبائی رابطہ کی پارلیمانی سیکرٹری صائمہ ندیم نے قومی اسمبلی کو بتایا ہے کہ گزشتہ پانچ سالوں کے دوران پاکستان ہاکی فیڈریشن کو ہاکی کی بہتری کے لئے 42 کروڑ 56 لاکھ روپے سے زائد کی رقم دی گئی ہے‘ 2012ء سے منظور ہونے والے سندھ میں کھیلوں کے میدان سمیت دیگر منصوبے تاحال مکمل نہیں ہو سکے ہیں۔قومی اسمبلی میں وقفہ سوالات کے دوران مسرت رفیق مہیسڑ کے سوال کے جواب میں پارلیمانی سیکرٹری صائمہ ندیم نے بتایا کہ اٹھارہویں ترمیم کے بعد کھیل کا شعبہ صوبوں کو منتقل ہوا ہے، سپورٹس فیڈریشن وفاق کے تحت آتی ہے، ہاکی کو 425 ملین‘ سکواش کو 125 ملین دیا ہے۔ وزیراعظم اس طرف بہت توجہ دے رہے ہیں۔ 2012ء سے سندھ میں سیہون شریف میں سٹیڈیم منظور ہوا تاہم ابھی تک مکمل نہیں ہوا۔ داود میں ہاکی سٹیڈیم جون 2017ء میں مکمل ہونا تھا تاہم ابھی تک تیار نہیں ہے۔ اس کے علاوہ کئی منصوبے اور بھی ہیں جو مکمل نہیں ہوئے۔