چمن: پولیو ٹیم پر فائرنگ، خاتون ورکر جاں بحق، ساتھی زخمی، مہم معطل
کوئٹہ (بیورو رپورٹ)بلوچستان کے ضلع قلعہ عبداللہ کے علاقے چمن میں انسداد پولیو مہم ٹیم پر فائرنگ سے ایک خاتون ورکر جاں بحق‘ دوسری زخمی ہو گئی۔ پولیس کے مطابق جمعرات کو چمن کے علاقے سلطان زئی میں موٹرسائیکل پر سوار 2 حملہ آوروں نے پولیو ٹیم پر فائرنگ کردی جس کے نتیجے میں 35 سالہ خاتون پولیو ورکر نسرین موقع پر جاں بحق ہوگئی جب کہ 24 سالہ راشدہ شدید زخمی ہوئی جسے کوئٹہ ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔ جبکہ ملزم فرار ہو گئے۔ اسسٹنٹ کمشنر سید سمیع آغا کے مطابق واقعہ کے بعد علاقے میں پولیو مہم عارضی طور پر معطل کر دی گئی ہے۔ وزیر صحت بلوچستان میر نصیب اﷲ مری نے کہا ہے کہ بے گناہ اور معصوم پولیو ورکرز کو نشانہ بنانے والے انسان کہلانے کے بھی مستحق نہیں ہیں۔ حکومت دہشت گردی کی واقعہ میں ملوث ملزمان کو گرفتار کر کے کیفر کردار تک پہنچائے گی۔ وزیر داخلہ بلوچستان میر ضیاء اﷲ لانگو نے پولیو ورکرز پر فائرنگ کے واقعہ کی مذمت کرتے ہوئے واقعہ کی فوری طور پر رپورٹ طلب کر لی ہے۔ صوبائی وزیر داخلہ نے صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ پولیو ورکرز پر بزدلانہ حملہ ملک دشمنوں کی کارستانی ہے۔ واقعہ میں ملوث ملزمان کو گرفتار کر کے قانون کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔
لاہور(نمائندہ خصوصی) نصیر آباد کے علاقہ میں نامعلوم ملزمان نے پولیو ٹیم کو تشدد کا نشانہ بناڈالا۔ تفصیلات کے مطابق نصیر آباد کے علاقہ خان کالونی میں پولیو ٹیم گھر وں میں پولیو قطرے پلارہی تھی کہ اس دوران پولیو ورکر محسن اور وقاص کو 6سے 7نامعلوم ملزمان نے روک کر تشدد کا نشانہ بناڈالا،جس سے دونوں پولیو ورکرز کے کپڑے پھٹ گئے۔واقعہ کے بعد ملزم فرار ہوگئے۔پولیس نے مقدمہ درج کرلیا۔ تین قبل بھی لاہور کے علاقہ شادباغ میں شہری نے چھری کے وارکرکے پولیو ورکر کو زخمی کردیا تھا۔