حلیم عادل کو قبضہ گروپ کہنے پر سندھ اسمبلی میں ہنگامہ، ارکان گتھم گتھا، لعنت کے نعرے
کراچی (نوائے وقت رپورٹ) سندھ اسمبلی میں رکن پی پی امداد پتافی نے پی ٹی آئی رکن حلیم عادل شیخ کو قبضہ گروپ کہہ دیا جس پر ایوان میں شور شرابہ مچ گیا۔ اپوزیشن ارکان نے حکومت پر تنقید کرتے ہوئے لعنت بھیجنے کے نعرے لگائے۔ امداد پتافی نے بھی جوابی طور پر کہا ہم بھی آپ پر لعنت بھیجتے ہیں۔ اس دوران دونوں طرف کے ارکان میں ہاتھا پائی ہو گئی اور وہ گتھم گتھا ہو گئے۔ امداد پتافی نے کہا کہ اپوزیشن کی تقریریں چپ ہو کر سنیں اب ہم تقریر کریں تو شور شرابہ شروع ہو جاتا ہے۔ لاکھوں روپے میں مشاعرہ کروایا جاتا ہے۔ اس پر ایوان میں شور شرابا ہو گیا۔ سپیکر ارکان کو خاموش کرواتے رہے۔ امداد پتافی نے سپیکر اسمبلی سے اپیل کی کہ جناب سپیکر ہائوس ان آرڈر کریں۔