• news

بھاری تنخواہیں لینے والوں کو اب زیادہ کام کرکے دکھانا ہو گا: عثمان بزدار

لاہور (کلچرل رپورٹر) وزیراعلیٰ عثمان بزدار کی زیرصدارت اجلاس میں ڈیرہ غازی خان ڈویژن اور جنوبی پنجاب کے دیگر اضلاع میں ہونے والے فلاح عامہ کے منصوبوں اور ترقیاتی پروگرام کا جائزہ لیا گیا۔ فلاح و بہبودکے منصوبے بروقت مکمل نہ کرنے پر وزیراعلیٰ نے برہمی کا اظہار کیا اورکہا کہ فلاح عامہ کے منصوبوں میں تاخیر کا کوئی جواز نہیں۔ ترقیاتی منصوبوں پر کام کی رفتار کا ذاتی طور پرجائزہ لینے کے لئے دورے کروں گا۔ علاقے کو ترقیاتی پروگرام میں حصہ ملنا چاہیے اور منصوبوں کی تکمیل میں تاخیر نا قابل برداشت ہے۔ وزیراعلیٰ نے قبائلی علاقوں میں چھوٹے کاشتکاروںکو دیئے گئے قرضوں کی فہرست طلب کرلی۔ شجر کاری مہم کے تحت کم تعداد میں پودے لگانے پر وزیر اعلی نے محکمہ جنگلات کی سرزنش کی اورسکولوں میں سولر پینلز لگانے کے کام میں سست روی پر برہمی کا اظہار کیا اور استفسار کیا کہ سکولوں میں سولر پینلز لگانے کے کام میں سست روی پر تاخیر کا کون ذمہ دار ہے؟ کیا انرجی ڈیپارٹمنٹ کی یہ کارکردگی ہے۔ انہوں نے کہا کہ بھاری تنخواہیں لینے والوں کو اب بھاری بھرکم کام کرکے دکھانا ہوگا۔ وزیراعلیٰ نے ترقیاتی منصوبوں پر پیشرفت پرعدم اعتماد کا اظہار کیا اور کہا کہ خانہ پری کافی نہیں،اب کام کر نا ہو گا اور نتائج دینا ہوں گے اور ترقیاتی منصوبوں پر پیشرفت کا خود فیلڈ میںجاکر جائزہ لوں گا۔ عثمان بزدار اور سپیکر پنجاب اسمبلی چوہدری پرویزالٰہی کی زیرصدارت اجلاس میں پنجاب اسمبلی کی زیر تعمیر نئی عمارت کے منصوبے پر پیش رفت کا جائزہ لیا گیا۔ وزیراعلیٰ نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ پنجاب اسمبلی کی نئی عمارت کو جلد سے جلد مکمل کیا جائے۔ پنجاب حکومت اس منصوبے کی جلد تکمیل کیلئے ترجیحی بنیادوں پر فنڈز مہیا کرے گی۔ ماضی کی حکومت پنجاب اسمبلی کی نئی عمارت کے منصوبے میں تاخیر کی ذمہ دار ہے کیونکہ سابق دور میں عمارت کی تعمیر کے منصوبے کیلئے فنڈز مختص نہیں کیے گئے۔ انہوں نے کہا کہ نئی عمارت کی تعمیر کے منصوبے میں مزید تاخیر نہیں ہونی چاہیے۔ وزیراعلیٰ نے ہدایت کی کہ نئے ایم پی ایز ہوسٹلز کی تعمیر کے منصوبے کو بھی جلد مکمل کیا جائے۔ پرویز الہٰی نے کہا کہ منصوبے میں حائل رکاوٹوں پر فوکس کر کے تیزی سے آگے بڑھا جائے ۔انہوںنے کہا کہ امید ہے کہ نئی عمارت کی تعمیر کا کام رواں برس مکمل ہوجائے گا۔ پارٹی کے یوم تاسیس پر پیغام میں عثمان بزدارنے کہا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف کی 23 سالہ پرامن اور باوقار سیاسی جدوجہد ملکی تاریخ میں مثال بن چکی ہے۔ عمران خان نے تحریک انصاف کو تبدیلی کا نقیب بنایا اور آئین نو سے ڈرنے اور طرز کہن پر اَڑنے کی روایات کو توڑا ہے۔عثمان بزدار نے ڈیرہ گجراں میں لاہور اورنج لائن میٹرو ٹرین کے ڈپوکا دورہ کیا۔وزیراعلیٰ کومنصوبے پر ہونے والی پیش رفت کے بارے میں بریفنگ دی گئی۔ وزیراعلیٰ نے ٹرین کا بھی معائنہ کیا۔ وزیراعلیٰ نے شالامار سٹیشن کا بھی دورہ کیا۔ گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور اور وزیراعلیٰ راجن پور گئے۔ گورنر اور وزیراعلیٰ نے راجن پور سٹیڈیم میں رکن پنجاب اسمبلی سردار احمد علی دریشک کے والد سردار نوازش دریشک مرحوم کی قل خوانی میں شرکت کی۔

ای پیپر-دی نیشن