شہباز سینئر نے منظور جونیئر کو قومی ہاکی ٹیم کا کوچ بننے کی پیشکش کر دی
لاہور ( سپورٹس رپورٹر+نمائندہ سپورٹس ) پاکستان ہاکی فیڈریشن کے سیکرٹری جنرل شہباز احمد سینئر نے سابق اولمپیئن منظور جونیئر کو قومی ہاکی ٹیم کی کوچ اور منیجر بننے کی پیش کش کردی۔پاکستان ہاکی فیڈریشن کے سیکرٹری شہباز احمد سینئر کا میڈیا سے گفتگو میں کہنا تھا کہ سابق اولمپئنز تنقید کی بجائے بہتری کی تجاویز دیں۔ منظور جونیئر نے سینٹ کی قائمہ کمیٹی میں ایک سال میں نتائج دعویٰ کیا ہے انہیں ؎ قومی ہاکی ٹیم کی منیجر اور کوچ بننے کی پیش کش کرتا ہوں۔ ازبکستان کی قومی ہاکی ٹیم 27 اپریل کو پاکستان پہنچے گی۔ سینئر ازبک ٹیم دورہ پاکستان میں دس میچز کھیلے گی۔ وزیر اعظم کا ورلڈکپ سے قبل قومی کرکٹ ٹیم سے ملنا خوش آ ئند ہے۔ سابق کرکٹرز سے درخواست ہے کہ ورلڈکپ میں قومی کرکٹ ٹیم کی بھرپور سپورٹ کریں۔ وزیر اعظم سے قومی کھیل کی بہتر ی کے لئے اقدام اٹھانے کے لئے پر امید ہوں۔ دریں اثنا ء شہباز احمد سینئر نے یونائیٹڈ ویمن ہاکی اکیڈمی کا دورہ کیا اور دو درجن ہاکیاں اور ایک درجن بال سپانسر کیے۔ ایشین ہاکی فیڈریشن کے غلام غوث، اولمپیئن دانش کلیم، سیکرٹری پنجاب ہاکی کرنل آصف ناز کھوکھر سمیت دیگر آفیشلز بھی موجود تھے۔