پاکستان کے قانون میں این آر او کی کوئی گنجائش نہیں: شاہد خاقان عباسی
اسلام آباد (صباح نیوز) شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ نواز شریف نے نہیں کہا کہ میں باہر جانا چاہتا ہوں بلکہ ڈاکٹروں نے کہا ہے نواز شریف کی بیماری اتنی بڑھ گئی ہے اور اتنی پیچیدہ ہے کہ علاج یہاں ممکن نہیں ہے،پاکستان کے قانون میں این آر او کی کوئی گنجائش نہیں، این آر او وہ کرتے ہیں جنہوں نے کوئی جرم کیا ہو نیب کی جانب سے گرفتاری کا ہمیشہ خدشہ رہتا ہے نیب کسی وقت بھی گرفتار کر سکتا ہے تاہم میں ضمانت کروانے پر یقین نہیں رکھتا ،گرفتار کرنا ہے تو گرفتار کر لیں اور شوق بھی پورا کر لیں۔ اگر مجھے گرفتار کیا گیا تو اس کے بعد ضمانت کروانا میرا حق ہے۔ان خیالات کا اظہار شاہد خاقان عباسی نے نجی ٹی وی سے انٹرویو میں کیا۔ان کا کہنا تھا کہ ڈیل کی گنجائش نہیں ہے، ڈیل کس بات پر ہوتی ہے، ہم نے کوئی ڈاکہ ڈالا ہے کہ ہم ڈیل کریں گے، ڈیل کس سے کریں گے، این آر او کون دے سکتا ہے، این آراور پرویز مشرف دیتا تھا جو ایک غاصب تھا۔