• news

عمران خان کے ارب میں سے 90فیصد درخت غائب ہیں: مریم اورنگزیب

اسلام آباد(آن لائن‘آئی این پی) مسلم لیگ (ن) کی ترجمان مریم اورنگزیب نے بلین ٹری منصوبے میں مبینہ کرپشن پر وزیراعظم عمران خان پر تنقید کی ہے۔پاکستان مسلم لیگ (ن) کی ترجمان مریم اورنگزیب نے بلین ٹری سونامی پر آڈیٹر کی رپورٹ پر ردعمل ظاہر کرتے ہوئے کہا ہے کہ عمران خان کے ایک ارب میں سے 90 فیصد پودے غائب ہیں، انہوں نے دس کروڑ پودوں کو 5 ارب بنا دیا، شاید یہاں بھی ان کی زبان پھسل گئی ہوگی، عمران صاحب صرف بلین جھوٹ کا سونامی لائے ہیں، بلین ٹری سونامی کے جھوٹ کا ثبوت بھی قوم کے سامنے آگیا ہے، نیب سے پوچھنا تھا کہ کیا بلین ٹری سونامی کی خبر ان تک پہنچی ہے؟۔ترجمان ن لیگ کہنا تھا کہ ایک کروڑ نوکری اور پچاس لاکھ گھروں کا خواب دیکھنے والوں کیلئے گھبرانے کا وقت ہو گیا ہے، پانچ ارب درخت اسی سیارے پر لگائے گئے جہاں پچاس لاکھ گھر تعمیر ہورہے ہیں،شکر ہے عمران خان نے یہ نہیں کہا کی پشاور میں روشنی کی رفتار سے تیز میٹرو بنائی ہے۔مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ مسلم لیگ (ن)کے ارکان کی معطلی آمرانہ سوچ کی عکاسی کرتی ہے، سارا وقت کنٹینروں پر گزارنے، جلائوگھیرائو اورشہروں کو بند کرانے والا عمران خان آج سیاسی مخالفین کی زبان بند کرنا چاہتا ہے،عمران خان کوجھوٹ اور نااہلی پرآئینہ دکھانے والا شخص قبول نہیںہے۔ پنجاب اسمبلی کے3 ارکان کی معطلی کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ عظمیٰ بخاری اور دیگر ارکان نااہل حکومت کے سامنے سچ بولتے ہیں،مسلم لیگ (ن)کے ارکان کی زبان بندی کی جارہی ہے،ممبران کی معطلی آمرانہ سوچ کی عکاسی کرتی ہے۔ عمران صاحب عظمی بخاری بہادر خاتون ہیں، دھمکیوں سے ڈرنے والی نہیں۔

ای پیپر-دی نیشن