موجودہ حکومت میں ایک آدھ نہیں‘ سارا ’’ٹبر‘‘ نالائق ہے‘ سراج الحق
لاہور (خصوصی نامہ نگار)جماعت اسلامی پاکستان کے امیر سینٹر سراج الحق نے کہا کہ موجودہ حکومت کوئی ایک آدھ نالائق نہیں بلکہ پورا’’ ٹبر ‘‘نااہل ہے کسی کو گرانے کی ضرورت نہیں ہے وہ خود خاتمے کی طرف تیزی سے بڑھ رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان نے ایران میں قومی مفادات کے خلاف بات کی وہ خود پاکستان کے خلاف سلطانی گواہ بن گئے ہیں۔انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت صرف نو ماہ میں ہی مکمل طور پر ناکام ہو چکی ہے۔انہوں نے کہا کہ صدارتی نظام مسائل کا حل نہیں ہے صدارتی نظام کے نتیجہ میں ملک پہلے ہی دو لخت ہو چکا ہے۔انہوں نے کہا کہ ایمسٹی سکیم لانے کا مقصد چوروں اور ڈاکوئوں کو ریلیف دینا ہے۔جماعت اسلامی پاکستان کی مجلس شوری آیندہ لائحہ عمل طے کر رہی ہے ،رابطہ مہم اور سڑکوں پر آنے سمیت تمام قانونی راستے اختیار کرے گی۔ان خیالا ت کا اظہار انہوں نے منصورہ میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا اس موقع پر جماعت اسلامی پاکستان کے سیکرٹری جنرل امیرالعظیم،نائب امیر لیاقت بلوچ اور مرکزی سیکرٹری اطلاعات قیصر شریف بھی موجود تھے سینیٹر سراج الحق نے کہا کہ ملک پر صدارتی نظام مسلط کرنے کی کوشش کی گئی تو ملک کا شیرازہ بکھر جائے گا ۔ جماعت اسلامی رمضان المبارک کے بعد ملک گیر رابطہ عوام مہم شروع کررہی ہے ۔ قوم کے پاس جماعت اسلامی کے علاوہ اب دوسرا کوئی آپشن نہیں ۔انہوںنے کہا کہ حکومت کے مہربان کب تک انگلی پکڑ کر اسے چلانے اور سہارا دینے کی کوشش کرتے رہیں گے ۔وزیراعظم اور چیئرمین پیپلز پارٹی کو مشورہ دیتاہوں کہ ایک دوسرے کو گالیاں دینے اور خواتین کی توہین کرنے کی بجائے غربت ، مہنگائی اور بے روزگاری کے خلاف کوئی پلان دیں ۔ حکومت آئندہ بجٹ میں مدارس کے لیے فنڈز رکھے تاکہ 31 لاکھ دینی طلبا اپنی تعلیم جاری رکھ سکیں۔انہوںنے کہاکہ اس حکومت میں کوئی ایک آدھ نالائق نہیں ، بلکہ پورا’’ ٹبر ‘‘نااہل ہے اور آوے کا آوا ہی بگڑا ہواہے۔