• news

حکومت کے بجٹ قرضوں میں 17 فیصد اضافہ، 917 ارب روپے سے بڑھ گئے: سٹیٹ بنک

کراچی(نوائے وقت نیوز) سٹیٹ بینک کے حالیہ اعداد و شمار میں یہ بات سامنے آئی ہے کہ جولائی سے اپریل 2019 کے درمیان حکومت کے بجٹ قرضوں میں 17.03 فیصد اضافہ ہوا اور یہ 917 ارب روپے 13 کروڑ روپے تک پہنچ گئے جو گزشتہ برس کے اسی عرصے میں 786 ارب 67 کروڑ روپے تھے۔بجٹ سپورٹ کے لیے حکومتی قرضوں میں کچھ مہینوں کے لیے اضافہ دیکھا گیا اور حالیہ اعداد و شمار اس رجحان کی مزید حمایت کرتے ہیں۔ حکومت کی جانب سے سٹیٹ بینک سے حاصل کیا گیا کل قرض اپریل 2019 تک 32 کھرب 60 ارب روپے تک پہنچ گیا ہے اور اس میں گزشتہ سال کے اسی عرصے کے 14 کھرب 90 ارب روپے کے مقابلے میں 118.6 فیصد تک اضافہ ہوا۔ علاوہ ازیں اس عرصے کے دوران بینکوں کیلئے کل ادائیگیوں میں بھی اضافہ دیکھا گیا اور یہ 23 کھرب 50 ارب روپے رہیں جو گزشتہ برس کے مقابلے کے 708 ارب روپے کے مقابلے میں 231 فیصد زیادہ تھی۔ اسی طرح نجی شعبے کے قرضے بھی اپریل 2019 کے درمیان 597 ارب 83 کروڑ روپے رہے، جو گزشتہ سال کے اسی عرصے میں 458 ارب 28 کروڑ روپے تھی، جو اس بات کی طرف اشارہ ہے کہ سالانہ بنیاد پر 30.45 فیصد اضافہ ہوا۔

ای پیپر-دی نیشن